انڈیا: انڈیگو کی پرواز میں مسافر خاتون کے سینڈوچ سے کیڑا نکل آیا

image

انڈیا کے دارالحکومت نئی دہلی سے ممبئی جانے والی انڈیگو ایئرلائنز کی پرواز میں ایک مسافر خاتون کے سینڈوچ سے کیڑا نکلنے کا واقعہ پیش آیا ہے۔

انڈین نیوز ایجنسی اے این آئی کی خبر کے مطابق سنیچر کو انڈیگو ایئرلائنز نے اس واقعے پر خاتون سے معافی مانگ لی ہے۔

اس سے قبل فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام  پر مسافر خاتون نے اپنی پوسٹ میں اس بات کا الزام لگایا کہ ’فلائٹ کے دوران ملنے والے سینڈوچ سے کیڑا نکل آیا ہے۔‘

خوشبو گپتا نامی خاتون نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’آج انڈیگو کے ساتھ بدترین تجربہ رہا ہے۔ میں باقاعدہ طور پر ای میل کے ذریعے شکایت درج کراؤں گی، تاہم بطور پبلک ہیلتھ پروفیشنل میں یہ بتانا چاہوں گی کہ سیںڈوچ کا معیار اچھا نہیں تھا اور فلائٹ اٹینڈنٹ کو بتانے کے باوجود اُس نے یہ سینڈوچ باقی مسافروں کو دینا جاری رکھے۔‘

انہوں نے مزید لکھا کہ ’پرواز میں بچے تھے، بڑے تھے اور باقی مسافر تھے۔ اگر کسی کو انفیکشن ہو جاتا تو کیا ہوتا۔‘ 

    View this post on Instagram           A post shared by Dietitian Kushboo Gupta | Mindful Eating Coach (@little__curves)

اس معاملے کے بعد انڈیگو نے اپنے بیان میں خاتون سے نہ صرف معافی مانگی بلکہ معاملے کی تفتیش کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔

انڈیگو نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’نئی دہلی سے ممبئی جانے والی پرواز میں ہماری مسافر کی جانب سے تشویش کے اظہار کرنے کے واقعے کا ہمیں علم ہے۔ اس معاملے کی تفتیش کی جا رہی ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’ہم مسافر خاتون کو دوران سفر پیش آنے والی پریشانی پر تہہ دل سے معذرت خواہ ہیں۔‘


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts