نیوزی لینڈ میں 24 گھنٹے سے سمندر میں پھنسے شخص کو ان کی گھڑی کی چمک سے ریسکیو کر لیا گیا ہے۔ انھوں نے یہ بتانے کے لیے کہ وہ مصیبت میں ہیں، اپنی گھڑی سے اشارہ دیا۔
نیوزی لینڈ میں 24 گھنٹے سے سمندر میں پھنسے شخص کو ان کی گھڑی کی چمک سے ریسکیو کر لیا گیا ہے۔ انھوں نے یہ بتانے کے لیے کہ وہ مصیبت میں ہیں، اپنی گھڑی سے اشارہ دیا۔
یہ شخص، جن کا نام ظاہر نہیں کیا جا رہا، مچھلیوں کا شکار کرتے ہوئے اپنی کشتی سے گر گئے تھے۔ ان کے مطابق سمندر میں ایک شارک مچھلی نے انھیں سونگھا اور پھر وہ انھیں وہیں چھوڑ کر چلی گئی۔
سمندر میں مچھیروں کے ایک گروپ نے اس شخص کو سمندر سے ریسکیو کیا۔
نیوزی لینڈ کی پولیس کا کہنا ہے کہ اس شخص نے 55 کلومیٹر دوری پر شمالی جزیرے کے مشرقی ساحل تک پہنچنے کی کوشش کی مگر سمندری موجوں نے ان کا مشن ناکام بنا دیا۔
پولیس نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’اس شخص نے سمندر میں سرد رات گزاری۔ تھکاوٹ کی وجہ ان میں تیرنے کی سکت باقی نہیں رہی تھی۔‘
تین مچھیروں نے بدھ کی سہہ پہر اپنی کشتیوں پر سے ہی پانی میں اس شخص کی گھڑی کی چمک سے اندازہ لگایا کہ وہ سمندر میں ہیں۔
انھیں جزیرہ نما کورومینڈل کے ایک قریبی قصبے وانگاماٹا لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے ان کا معائنہ کیا۔
ریسکیو کیے جانے والے شخص کی کشتی کے بارے میں ابھی کچھ معلوم نہیں مگر اس کی تلاش جاری ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس حادثے کے باوجود اس شخص کا زندہ بچ جانا ایک معجزہ ہے۔
پولیس کے مطابق اگر تین مچھیروں نے اس شخص کو بچانے کے لیے فوری کوشش نہ کی ہوتی تو پھر اس شخص کا بچنا مشکل تھا۔