معیشت کی بحالی کیلئے سیاسی پارٹیاں جلد اپنے معاشی ایجنڈے کا اعلان کریں ، احسن بختاوری

image
اسلام آباد۔12جنوری (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا ہے کہ عام انتخابات میں ایک ماہ سے بھی کم وقت رہ گیا ہے لہذا انتخابی منشور کے معاشی ایجنڈے کا اعلان نئی حکومت کے انتخاب میں ووٹرز کی رہنمائی کے لئے اشد ضروری ہے۔

انہوں نے پرزور مطالبہ کیا کہ تمام سیاسی جماعتیں معیشت کی بحالی کے لئے جلد اپنے انتخابی منشور کے معاشی ایجنڈے کا اعلان کریں تا کہ بزنس کمیونٹی اور سرمایہ کاروں کومعلوم ہو کہ کون سی پارٹی معیشت کو بحال کرنے کیلئے سب سے بہتر منشور رکھتی ہے جس سے ان کو کاروبار اور سرمایہ کاری کیلئے اپنے آئندہ کے مختصر اور طویل المدتی منصوبوں کو حتمی شکل دینے میں مدد ملے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تاجروں وصنعتکاروں کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

وفد میں چیمبر کے گروپ لیڈر خالد اقبال ملک، خالد جاوید، یو بی جی کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری، ناصر خان، رافعت فرید اور دیگر شامل تھے۔احسن بختاوری نے کہا کہ مالی سال 23۔2022 کے پہلے 11 ماہ کے دوران پاکستان کی برآمدات میں کمی دیکھی گئی ۔آئی سی سی آئی کے صدر نے کہا کہ اقوام متحدہ کی عالمی اقتصادی صورتحال اور امکانات کی رپورٹ برائے 2024 کے مطابق پاکستان کی معیشت کو بڑے چیلنجز کا سامنا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو ان چیلنجز سے نمٹنے اور معیشت کی بحالی کے لئے اپنے انتخابی منشور کے معاشی ایجنڈے کا جلد اعلان کرنا چاہئے تا کہ تاجر برادری سمیت عوام کو معلوم ہو کہ کون سی جماعت ان معاشی مسائل کو بہتر انداز میں حل کر سکتی ہے اور پاکستان کو پائیدار اقتصادی ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتی ہے۔

 


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US