انتخابی نتائج: پنجاب میں ن لیگ، خیبر پختونخوا میں ’آزاد‘ اور سندھ میں پی پی پی آگے

image

الیکشن 2024 کے قومی و صوبائی اسمبلیوں کے سرکاری نتائج آنے کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔

قومی اسمبلی کے نتائج

الیکشن کمیشن نے 11 گھنٹے کی تاخیر سے 9 فروری کی صبح چار بجے قومی اسمبلی کے پہلے سرکاری نتیجے کا اعلان کیا جس کے مطابق بلوچستان نیشنل پارٹی کے اختر مینگل نے حلقہ این اے 261 سے 3404 ووٹ لے کر پہلی، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمینٹیڑینز کے ثناللہ زہری نے 2871 ووٹ کے کر دوسری پوزیشن حاصل کی ہے۔

مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے لاہور کے حلقہ 123 سے 63 ہزار 953 ووٹ لیے اور افضال عظیم نے 48 ہزار 486 ووٹ حاصل کیے۔

 پی ٹی آئی کی حمایت یافتہ شاندانہ گلزار نے پشاور کے حلقہ این اے 30 سے 78971 ووٹ لے کر پہلے، جبکہ عوامی نیشنل پارٹی کے زین عمر ارباب نے 11854 ووٹ کے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

این اے 17 ایبٹ آباد سے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ علی خان جدون نے 97,177 ووٹ کے کر فاتح قرار پائے اور مسلم لیگ ن کے محبت خان نے 44,522 ووٹ لیے۔

این اے 58 چکوال سے مسلم لیگ ن کے طاہر اقبال ایک لاکھ 15 ہزار 974 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، جبکہ آزاد امیدوار ایاز امیر ایک لاکھ دو ہزار 537 ووٹ کے دوسرے نمبر پر رہے۔

این اے 55 راولپنڈی سے ن لیگ کے ابرار احمد 78 ہزار 542 لے کر جیتے اور آزاد امیدوار راجہ بشارت نے 67 ہزار 101 لے کر دوسری پوزیشن حاصل کی۔

این اے 199 گھوٹکی سے پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے گوہر خان مہر ایک لاکھ 54 ہزار 832 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، اور جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے عبدالقیوم نے 40 ہزار 204 ووٹ لیے۔

این اے 59 چکوال سے مسلم لیگ ن کے سردارغلام عباس 141680 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے، اور آزاد امیدوار رومان احمد  129716 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

این اے 121 سے تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار وسیم قادر 78 ہزار آٹھ سو تین ووٹ کامیاب ہوئے اور مسلم لیگ ن کے روحیل اصغر 70 ہزار 5 سو 97 ووٹ لے کر ہار گئے۔

پنجاب اسمبلی کے نتائج

مریم نواز نے پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 159 سے 23 ہزار 598 ووٹ لے پہلے نمبر پر رہیں، جبکہ آزاد امیدوار مہر شرافت علی 21 ہزار 491 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

پی پی 21 چکوال سے مسلم لیگ ن کے تنویر اسلم ملک 83055 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے اور آزاد امیدوار طارق محمود افضل 75142 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

پی پی 158 لاہور سے شہباز شریف 38642 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے اور آزاد امیدوار چوہدری یوسف 23847 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔

پی پی 153 لاہور سے مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سلمان رفیق کامیاب ہوئے۔ انہوں نے 35232 ووٹ لیے۔ آزاد امیدوار میاں اویس انجم 33027 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

خیبر پختونخوا اسمبلی کے نتائج

 الیکشن کمیشن کی جانب سے پولنگ ختم ہونے کے 10 گھنٹے بعد خیبر پختونخوا کے دو صوبائی حلقوں کے نتائج کا اعلان کیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے سپیشل سیکریٹری ظفر اقبال ملک نے میڈیا کو بتایا کہ خیبرپختونخوا کے صوبائی حلقہ پی کے 6 سوات سے آزاد امیدوار فضل حکیم جیتے ہیں جنہوں نے 25,303 ووٹ حاصل کیے ہیں۔ اسی طرح پی کے 75 سے بھی آزاد امیدوار سمیع اللہ خان 18,888 ووٹ حاصل کیے ہیں۔

جمعرات کو قومی اسمبلی  اور صوبائی اسمبلیوں 855 حلقوں میں ہونے والے عام انتخابات کے پولنگ صبح آٹھ بجے سے شام پانچ بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہی۔ اکا دکا واقعات کے علاوہ پولنگ مجموعی طور پر پرامن رہی اور کوئی بڑا ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US