سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ ان انتخابات میں مسلم لیگ ن اکثریتی جماعت بن کر ابھری ہے لیکن ہم دوسری جماعتوں کے مینڈیٹ کا بھی احترام کرتے ہیں۔جمعے کی رات لاہور میں مسلم لیگ ن کے ہیڈکوارٹر ماڈل ٹاؤن میں اپنے کارکنوں سے خطاب میں نواز شریف نے کہا کہ میں آپ کی آنکھوں میں صاف صاف خوشی کی لہر دیکھ رہا ہوں، آپ کی آنکھوں میں ایک چمک دیکھ رہا ہوں اسے پہچان رہا ہوں، آپ کی آنکھوں میں آنکھے ڈال کر دیکھ رہا ہوں اور اس چمک کو بھی دیکھ رہا ہوں۔ یہ چمک کہہ رہی ہے کہ میرے پاکستان کو سنوار دوں، یہ چمک کہہ رہی ہے کہ ہماری زندگیوں میں روشن تبدیلی آنی چاہیے۔‘’میں آج آپ کو اپنی طرف سے، شہباز شریف کی طرف سے اور مریم سمیت جو یہاں کھڑے ہیں ہم سب آپ کو مبارک باد دیتے ہیں، اس لیے کہ ان انتخابات میں مسلم لیگ ن سب سے بڑی جماعت بن کر ابھری ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ ہمارا فرض ہے کہ اس ملک کو بھنور سے نکالا جائے۔‘
لاہور میں مسلم لیگ کے مرکزی دفتر میں نواز شریف سمیت لیگی قیادت پہنچ چکی ہے جبکہ کارکنوں کی ایک بڑی تعداد بھی اس وقت ماڈل ٹاؤن دفتر کے اندر موجود ہے۔
کارکنوں کی ٹولیاں میوزک اور ڈھول کی تھاپ پر رقص کرتی بھی دکھائی دے رہی ہیں۔ لاہور سے مسلم لیگ ن کے نو منتخب کئی اراکین اسمبلی بھی مرکزی دفتر میں موجود ہیں۔
سپیکر سے بار بار اعلان کیے جا رہے ہیں کہ نواز شریف کارکنوں سے خطاب کریں گے۔ تحریک استحکام کے رہنما بھی نواز شریف سے ملاقات کے لیے اس وقت مرکزی دفتر میں موجود ہیں۔ اس سے پہلے پارٹی کی ترجمان مریم اورنگ زیب نے ایک بیان جاری کیا تھا ماڈل ٹاؤن دفتر میں جیت کا جشن منایا جائے گا۔
ماڈل ٹاؤن سیکرٹریٹ میں بار بار آتشبازی بھی کا جا رہی ہے۔