جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کراچی سے سندھ اسمبلی کی جیتی ہوئی نشست واپس کرنے کا اعلان کیا ہے۔
پیر کو کراچی میں ایک پریس کانفرنس میں حافظ نعیم الرحمان نے حلقہ پی ایس 129 سے جیتی نشست چھوڑنے کا اعلان کیا۔’پی ٹی آئی کا آزاد امیدوار جیتا ہے اس لیے اس سیٹ کو نہیں لوں گا۔‘حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ ’ہمیں بلدیاتی الیکشن سے زیادہ ووٹ ملے، جماعت اسلامی کو آج بھی کراچی کے لوگ نجات دہندہ سمجھتے ہیں مگر پی ٹی آئی کو بھی زیادہ لوگوں نے ووٹ دیے اور ہم اس کو قبول کرتے ہیں۔‘ان کا کہنا تھا کہ ’ہمیں خیرات میں سیٹ نہیں چاہیے۔ مطالبہ کرتا ہوں کہ کراچی کے تمام نتائج کو کالعدم قرار دیا جائے۔‘ انہوں نے کہا کہ ’وہ ہم سے جیتے ہیں اور حقیقت میں جیتے ہیں تو ہمارا دل اتنا وسیع ہے کہ ہم اس کو مانتے ہیں، تسلیم کرتے ہیں۔‘حافظ نعیم الرحمان نے مطالبہ کیا کہ سپریم کورٹ کے جج کی سربراہی میں کمیٹی بنائی جائے جو انتخابی نتائج کا فرانزک آڈٹ کرے۔ آٹھ فروری کو ہونے والے الیکشن کے نتائج کے مطابق سندھ اسمبلی کی 130 نشستوں میں سے 84 پر پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدواروں نے کامیابی حاصل کی۔الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کیے گئے نتائج میں کہا گیا کہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے 28 اور آزاد امیدواروں نے 13 نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔نتائج کے مطابق گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس نے دو جبکہ جماعت اسلامی نے بھی دو نشستوں پر کامیابی سمیٹی۔