اسلام آباد۔26فروری (اے پی پی):آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہوائوں اورگرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ شمالی بلوچستان میں برفباری سے سڑکیں بند اور گاڑیوں کی آمد ورفت میں خلل جبکہ گوادر، کیچ، پنجگور اور آواران میں موسلادھار بارش کے باعث مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا بھی خدشہ ہے۔ مری، گلیات، ناران، کاغان، دیر، سوات، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، شانگلہ، استور، ہنزہ، سکردو، وادی نیلم، باغ، پونچھ اور حویلی میں برفباری سے گاڑیوں کی آمد ورفت میں خلل کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کل منگل کے روز شمالی اور جنوب مغربی بلوچستان، بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان ، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں آندھی/تیز ہوائوں/جھکڑ اورگرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان تاہم ملک کے دیگر علاقوں میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور مطلع ابر آلود رہا تاہم خیبر پختونخوا،بلوچستان اوربالائی سندھ میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہوئی۔سب سے زیادہ بارش خیبر پختونخوا میں پاراچنار 27، بنوں 10، بلوچستان میں نوکنڈی 17، کوئٹہ ( سمنگلی 11،شیخ ماندہ 10) ، دالبندین11، قلات 10، خضدار08، پنجگور 02،لسبیلہ ، تربت،اورماڑہ01، سندھ: جیکب آباد 04، دادو ،لاڑکانہ 02 اور خیر پور میں 01ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔ اس دوران زیارت میں 05 اورمالم جبہ01 انچ برفباری ریکارڈ کی گئی۔ ملک میں کم سے کم درجہ حرارت لہہ منفی16 ، کالام منفی 08،استور منفی 06،سکردو، مالم جبہ منفی05 ،ہنزہ، گوپس اوربگروٹ میں منفی 04ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔