’ن لیگ کو احساس دلایا ہے کہ ۔۔۔‘ گورنر سندھ کی مبینہ آڈیو لیک

image

گورنر سندھ محمد کامران ٹیسوری کی مبینہ لیکڈ آڈیو سامنے آ گئی ہے، جس میں وہ ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کو مسلم لیگ ن کے رہنماؤں سے ملاقات کا احوال بتا رہے ہیں۔

یہ مبینہ آڈیو بدھ کی صبح سے سوشل میڈیا پر وائرل ہے تاہم اس حوالے سے ابھی تک گورنر سندھ یا ایم کیو ایم کی جانب سے تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی ہے۔

آڈیو میں گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں متحدہ کے رہنماؤں کو مسلم لیگ ن سے حکومت سازی میں شمولیت کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کر رہے ہیں۔

کامران ٹیسوری کہتے ہیں کہ ’انہوں نے پی ایم ایل این کے رہنماؤں کو احساس دلایا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ نے مشکل وقت میں ان کا ساتھ دیا تھا اور عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک میں ن لیگ کو سپورٹ کیا تھا۔‘

 ان کا مزید کہنا تھا ’ایم کیوایم سے جو تحریری معاہدے کیے گئے تھے ان پر بھی عملدرآمد نہیں ہوا۔‘

پھر وہ کہتے ہیں کہ ’پی ٹی آئی کے خلاف ہم نے اپنے ووٹرز کو ناراض کرتے ہوئے آپ کا ساتھ دیا جس کے نتیجے میں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کو فائدہ ہوا، ہمارے مینڈیٹ پر بات کی جا رہی ہے۔ ہمارا تو 100 فیصد مینڈیٹ ہے تو دوسروں کا دو سو فیصد مینڈیٹ ہے، انہیں تو نتیجہ دو دن بعد ملا ہے۔‘

واضح رہے کہ گزشتہ روز ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما سید مصطفی کمال کی بھی ایک آڈیو سامنے آئی تھی جس میں وہ حکومت سازی کے لیے ہونے والے مذاکرات کے بارے میں رابطہ کمیٹی کو بتا رہے تھے۔

بعدازاں انہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں بتایا کہ ’کچھ ماہ سے ہمیں شک تھا کہ ہمارے درمیان ایم کیو ایم لندن کے لوگ بیٹھے ہیں، ہم ایم کیوایم پاکستان میں متحدہ لندن کے لیے کام کرنے والوں کو تلاش کر رہے تھے۔ اس آڈیو کے لیک ہونے کے بعد تحقیقات میں ہمیں پتہ چل گیا کہ کون رابطہ کمیٹی میں بیٹھ کر ایم کیو ایم لندن کے لیے کام کر رہا ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’یہ آڈیو لندن نے ریلیز کی ہے۔ وہ سمجھ رہے ہیں کہ کوئی بہت بڑی چیز ان کے ہاتھ آ گئی ہے۔‘

وہ مزید کہتے ہیں کہ ’میں یہ بھی کہنا چاہتا ہوں کہ یہ معمول کی بات ہے جو ٹی وی پر بھی کئی بات ہو چکی ہے۔ پیپلز پارٹی کہہ رہی ہے کہ ہمارا مینڈیٹ درست نہیں ہے۔ ہم کہہ رہے ہیں پیپلز پارٹی کا مینڈیٹ درست نہیں ہے۔ اس میں کوئی بڑی بات نہیں ہے۔‘

پیغام کے مطابق ’اس میں اہم بات یہ ہے کہ رابطہ کمیٹی میں بیٹھے لندن کے گھس بیٹھیے کی پکڑ ہو گئی ہے۔ اس آڈیو لیک نے ہمارا کام آسان کر دیا ہے۔ ہمیں پتہ چل گیا ہے کہ اس پارٹی کے خلاف، ہمارے خلاف، ہماری قوم کے خلاف کون کام کر رہا ہے۔‘


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US