بلوچستان کے ضلع گوادر کو شدید بارشوں کے بعد آفت زدہ قرار دے دیا گیا ہے۔جمعرات کو بلوچستان کے نگراں صوبائی وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے کہا ہے کہ ’گوادر کو حالیہ طوفانی بارشوں کےبعد تشویشناک صورتحال کے باعث آفت زدہ قرار دیا گیا۔‘انہوں نے کہا کہ گوادر کو آفت زدہ قرار دینے کے حوالے سے نگراں وزیراعلٰی نے سمری دستخط کر دی ہے۔
جان اچکزئی کا کہنا تھا کہ نگراں وزیراعلٰی گوادر سمیت بارش سے متاثرہ تمام علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کی خود مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز بدھ کو گوادر 30 گھنٹوں تک جاری رہنے والی بارش کے بعد سے تالاب کا منظر پیش کر رہا ہے۔ سینکڑوں مکانات میں کئی فٹ پانی جمع ہے اور وہ رہائش کے قابل نہیں رہے۔ اس وجہ سے سینکڑوں افراد نقل مکانی کر کے محفوظ مقامات پر منتقل ہو چکے ہیں۔شہر کی سڑکوں پر پانی جمع ہونے کی وجہ سے لوگوں نے آمدروفت کے لیے کشتیوں کا استعمال شروع کر دیا۔ حکام کے مطابق بارشوں سے 58 مکانات اور ماہی گیروں کی 80 کشتیوں کو نقصان پہنچا ہے۔