سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کی جانب سے جمعرات کو وضاحت کی گئی ہے کہ پنجاب پولیس کا یونیفارم تبدیل کرنے سے متعلق خبر درست نہیں ہے۔سوشل میڈیا پر یہ خبر گردش کر رہی تھی کہ پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں پولیس یونیفارم تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس حوالے سے سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان سے منسوب ایک بیان بھی گردش کرتا رہا۔
سوشل میڈیا صارفین کے مطابق پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں پنجاب پولیس کا یونیفارم تبدیل کرنے کا اعلان کیا ہے۔صارفین ایک بیان سپیکر پنجاب اسمبلی سے منسوب کر کے پھیلا رہے ہیں جس کے مطابق ’موجودہ یونیفارم خوف کی علامت ہے اسے فوری تبدیل کیا جائے۔‘تاہم ترجمان پنجاب اسمبلی کے مطابق اس خبر میں کوئی صداقت نہیِں۔لاہور نیوزپنجاب حکومت کا صوبے بھر میں پنجاب پولیس کا یونیفارم تبدیل کرنے کا اعلان۔۔موجودہ یونیفارم خوف کی علامت ہے۔۔فوری تبدیل کریں گےاسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان
کیا خیال ہے ؟ pic.twitter.com/SDzW1HgueN
— #乙ꫀʀoᴾᴿᴱˢˢᵁᴿᴱ (@ZeroPressure_) February 29, 2024
سوشل میڈیا پر زیرِبحث خبر پر وضاحت دیتے ہوئے ترجمان پنجاب اسمبلی نے کہا ہے کہ ’سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے پنجاب اسمبلی کی سکیورٹی کا یونیفارم تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔‘ان کے مطابق سپیکر پنجاب اسمبلی نے بتایا ہے کہ ’سیاہ یونیفارم کو ختم کر کے پرانا یونیفارم بحال کیا جائے۔ پرانا یونیفارم سفید شرٹ اور گرے پینٹ پر مشتمل ہے۔‘ترجمان پنجاب اسمبلی کا مزید کہنا تھا کہ ’پنجاب پولیس کا یونیفارم تبدیل کرنے کے حوالے سے چلنے والی خبر درست نہیں ہے۔‘