وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے انتخاب کے لیے سپیکر بابر سلیم سواتی کی صدارت میں صوبائی اسمبلی کا اجلاس آج جمعے کے روز ہو گا۔
وزیر اعلیٰ کے انتخاب کے لیے پاکستان تحریک انصاف سے علی امین گنڈاپور نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے جبکہ اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار مسلم لیگ ن کے ایم پی اے ڈاکٹر عباداللہ ہوں گے جو امیر مقام کے چھوٹے بھائی ہیں۔ تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدوار علی امین گنڈاپور نے آزاد حیثیت سے وزیر اعلیٰ کے لیے کاغذات جمع کروائے ہیں۔ ان کو سنی اتحاد کونسل کے 87 اراکین کی حمایت حاصل ہے۔دوسری جانب اپوزیشن بینچز میں بیٹھنے والے اراکین کی تعداد 26 ہو گئی ہے جس میں جمعیت علما اسلام اور مسلم لیگ کے 9، 9، پیپلزپارٹی کے 4، پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز کے 2، عوامی نیشنل پارٹی کا ایک جبکہ ایک آزاد امیدوار شامل ہے۔ وزیر اعلیٰ کے لیے اپوزیشن کے امیدوار ڈاکٹر عباداللہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ان کو حکومتی اراکین کی حمایت حاصل ہے جو ان کو ووٹ دیں گے۔انہوں نے مزید بتایا کہ ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کے وقت بھی دو حکومتی ووٹ ان کے امیدوار کو ڈالے گئے تھے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی کے انتخاب کے لیے خفیہ رائے شماری کی گئی جس میں کل 106 ووٹ پڑے۔ سنی اتحاد کونسل سے بابر سلیم سواتی 89 ووٹ لے کر سپیکر اسمبلی منتخب ہوئے جبکہ پیپلزپارٹی کے مخالف امیدوار احسان اللہ نے 17 ووٹ حاصل کیے۔ ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کے لیے خاتون رکن ثریا بی بی نے 87 ووٹ حاصل کیے جبکہ مخالف امیدوار ارباب وسیم نے 17 ووٹ لیے تھے۔