اسلام آباد ہائیکورٹ نے توہین عدالت کیس میں ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو 6 ماہ قید کی سزا سنا دی،جرمانہ بھی عائد

image

اسلام آباد۔1مارچ (اے پی پی):اسلام آباد ہائیکورٹ نے توہین عدالت کیس میں ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو 6 ماہ قید کی سزا سنانے کے ساتھ جرمانہ بھی عائد کر دیا۔جمعہ کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے شہریار آفریدی کی گرفتاری کے لیے ایم پی او آرڈر جاری کرنے پر ڈی سی اسلام آباد کے خلاف توہین عدالت کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے ڈی سی اسلام آباد کو توہین عدالت کے مرتکب قرار دیدیا۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے عدالتی فیصلے کی کاپی وزیراعظم پاکستان کو بھجوانے کی ہدایت کرتے ہوئے اپیل کیلئے وقت دیتے ہوئے ایک ماہ تک سزا معطل بھی کر دی۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ڈی سی اسلام آباد ایک ماہ کے دوران فیصلے کے خلاف اپیل فائل کریں، ایک ماہ تک اگر عدالت سے فیصلہ معطل نا ہوا تو ڈی سی اسلام آباد کو جیل بھجوایا جائے۔عدالت نے ڈی سی اسلام آباد کو 6 ماہ قید کے ساتھ ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا بھی سنائی۔ اس کے علاوہ عدالت نے ایس ایس پی آپریشنز جمیل ظفر کو 4 ماہ قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا بھی سنائی جبکہ ایس ایچ او تھانہ کوہسار کو 2 ماہ قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US