اسلام آباد۔1مارچ (اے پی پی):سبکدوش ہونے والے سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ نو منتخب ارکان قومی اسمبلی کو خلوص نیت کے ساتھ عوام کے اجتماعی مسائل کے حل کےلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ جمعے کو قومی اسمبلی میں نئے سپیکر کے انتخاب کے موقع پر اپنے الوداعی خطاب میں انہوں نے کہا کہ اس ایوان کا 22 واں سپیکر بننا ان کےلئے اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ نو منتخب ارکان پارلیمان کو دیانتداری اور خلوص نیت کے ساتھ عوام کے اجتماعی اور قوم کو درپیش مسائل کے حل کےلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح نے 11 اگست کے اپنے تاریخی خطاب میں اس ایوان کو مکمل اختیارات کا مالک اور مقتدر ترین ادارہ قرار دیا تھا، یہ ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے کہ ہم باہمی تعاون کے ذریعے مسائل کا حل تلاش کریں۔ان کا کہنا تھا کہ یہ ایوان عوام کی اجتماعی دانش گاہ ہے اور عوام کی نظریں ہم سب پر مرکوز ہیں، ہمیں اپنے طرز عمل سے ملک کے مفاد کےلئے کام کرنا چاہیے۔ انہوں نے اعتماد کا اظہار کرنے پر آصف علی زرداری، بلاول بھٹو زرداری، محمد نوازشریف، میاں شہباز شریف اور دیگر پارلیمانی پارٹیوں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے نو منتخب سپیکر کو مبارکباد دی اور کہا کہ دوسری مرتبہ سپیکر بننا ان کی قائدانہ صلاحیتوں پر اعتماد کا مظہر ہے۔ انہوں نے نئے سپیکر کےلئے اپنی نیک تمنائوں کا اظہار بھی کیا