آئندہ دو روز کے دوران موسلا دھار بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی اور پہاڑی علاقوں میں برف باری اور لینڈ سلائیڈنگ کے امکان کے باعث رابطہ سڑکیں بند ہونے کا خدشہ

image

اسلام آباد۔1مارچ (اے پی پی):ملک کے مختلف حصوں میں آئندہ دو روز کے دوران تیز اور موسلا دھار بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی اور پہاڑی علاقوں میں برف باری اور لینڈ سلائیڈنگ کے امکان کے باعث رابطہ سڑکیں بند ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے جبکہ آندھی و جھکڑ سے کمزور انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق موسلا دھار بارشوں کے باعث قلات، مستونگ، لسبیلہ،آواران، بارکھان، کوہلو، سبی، نصیر آباد، دالبندین، خضدار اور ڈیرہ غازی خان کے علاوہ خیبرپختونخوا، کشمیر، مری، گلیات اور اسلام آباد/راولپنڈی کے برساتی/مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

مری، گلیات، ناران، کاغان، دیر، سوات، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، شانگلہ، استور، ہنزہ، سکردو، وادی نیلم، باغ، پونچھ اور حویلی میں شدید بارش /برف باری سے رابطہ سڑکیں بند ہونے کا خدشہ ہے۔ اس دوران بالائی خیبر پختونخوا، مری، گلیات، کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈسلائیڈنگ جبکہ آندھی/جھکڑ /گرج چمک اور تیز بار ش کے باعث کمزور انفرا سٹرکچر ( بجلی کے کھمبے،گاڑیوں سولر پینل وغیرہ)کو نقصان کا اندیشہ ظاہر کیا گیا ہے ۔

آج ہفتہ کے روز خیبر پختونخوا ،اسلام آباد،بالائی پنجاب،شمالی بلوچستان، کشمیر اورگلگت بلتستان میں بیشتر مقامات پر جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر شدید برف باری کا امکان ہے۔ اس دوران بالائی خیبر پختونخوا،اسلام آباد، بالائی پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں پرموسلا دھار بارش/چند مقامات پر ژالہ باری کی توقع ہے ۔گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور مطلع ابر آلود رہا تاہم بلوچستان، خیبر پختونخوا، بالائی سندھ، پنجاب اور کشمیر میں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برف باری ہوئی۔

سب سے زیادہ بارش بلوچستان میں قلات 53، خضدار 34، سبی 30، دالبندین 21، تربت 20، کوئٹہ (سمنگلی 16، سٹی 15)، بارکھان، ژوب 15، پسنی 12، پنجگور 09، اورماڑہ 08، نوکنڈی 05، خیبر پختونخوا میں پارا چنار29، چترال، کالام 14، بنوں، چراٹ 12، دروش 11، میرکھانی 10، دیر (بالائی 10،زیریں 04)، مالم جبہ،پٹن 09، ڈیرہ اسماعیل خان (ایئر پورٹ)07، باچا خان (ایئر پورٹ)، پشاور(ایئر پورٹ)، مردان 05، سیدو شریف 03، سندھ میں جیکب آباد 12، لاڑکانہ 03، پنجاب میں کروڑ (لیہ) 05، اٹک، بھکر 04، ڈیرہ غازی خان (شہر)، کوٹ ادو،

نور پور تھل 03، اسلام آباد (گولڑہ، زیرو پوائنٹ، ایئر پورٹ03، سید پور، بوکرا 02)، راولپنڈی (چکلالہ 03، کچہری، شمس آباد 02)، چکوال، سرگودھا 02، ملتان (ایئر پورٹ 02، سٹی 01)، سیالکوٹ (ایئر پورٹ ) ، بہاولپور (ایئر پورٹ، سٹی)، لاہور (ایئر پورٹ) ، گوجرانوالہ، جھنگ، جوہر آباد، خانیوال، منڈی بہائوالدین، اوکاڑہ، ٹوبہ ٹیک سنگھ 01، کشمیر میں راولاکوٹ میں 01 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔

اس دوران کالام 6.5 اور مالم جبہ میں 03 انچ برف باری ریکارڈ ہوئی۔ جمعہ کو ملک میں کم سے کم درجہ حرارت لہہ منفی 05، کا لام، گوپس منفی03،استور منفی 02،بگروٹ، ہنزہ، مالم جبہ اور سکردو میں منفی 01 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US