اسلام آباد۔1مارچ (اے پی پی):پاکستان نے اسرائیل کی قابض فوج کے ہاتھوں جمعرات کو نہتے فلسطینیوں کے قتل عام کی شدید مذمت کی ہے جو غزہ میں جان بچانے والی امداد اور خوراک کی ترسیل کے منتظر تھے۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے جمعہ کو یہاں پریس بریفنگ میں کہا کہ یہ قتل عام تہذیب اور بین الاقوامی انسانی قانون کی خلاف ورزی اور اسرائیل کی جانب سے بڑے پیمانے پر فاقہ کشی کی جان بوجھ کر اور غیر انسانی پالیسی کی صریح بے توقیری کو ظاہر کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان فوری جنگ بندی، غیر انسانی محاصرہ ختم کرنے اور غزہ کے لوگوں تک انسانی امداد کی بلا روک ٹوک رسائی کے مطالبے کا اعادہ کرتا ہے۔ترجمان نے کہا کہ اسرائیل کو انسانیت کے خلاف اپنے جرائم کے لیے بھی انصاف کا سامنا کرنا چاہیے جو فلسطینی عوام کے خلاف استثنی کے ساتھ کیے جا رہے ہیں۔