اسلام آباد۔2مارچ (اے پی پی):وزیراعظم کے انتخاب کے لیے قومی اسمبلی کا اجلاس سپیکر سردار ایاز صادق کی سربراہی میں (آج) اتوار کو دن گیارہ بجے پارلیمنٹ ہائوس میں ہو گا ، اجلاس میں نئے قائد ایوان کے انتخاب کے لیے ڈویژن کی بنیاد پر ووٹنگ ہو گی۔ مسلم لیگ (ن) اور اتحادی جماعتوں کے امیدوار سابق وزیراعظم محمد شہبازشریف جبکہ سنی اتحاد کونسل کے امیدوار عمر ایوب خان کے درمیان مقابلہ ہو گا ۔
وزیراعظم کا انتخاب ڈویژن کی بنیاد پر ہوتا ہے جس میں ارکان کے لیے مختلف گیلریاں مختص کی جاتی ہیں جبکہ اس عمل سے قبل ایوان کے دروازے بند کر دیئے جاتے ہیں جس کے بعد یہ ڈویژن شروع ہوتی ہے ۔ ارکان اپنے امیدوار کی مختص گیلری کےخارجی راستے پر اپنی رجسٹریشن کروا کر باہر چلے جاتے ہیں جب ایوان میں موجود تمام اراکین گیلریوں میں چلے جاتے ہیں تو پھر گنتی کے بعد انہیں واپس ایوان میں بلایا جاتا ہے ۔ اس طرح قائد ایوان کے انتخاب کا عمل مکمل ہوتا ہے ۔