اسلام آباد۔2مارچ (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضی سولنگی نے کہا ہے کہ نگران حکومت نے معیشت کی سمت درست کی، معاشی اعتبار سے اب مارکیٹ میں استحکام ہے، جس دن حلف اٹھایا اس دن ڈالر کی قیمت 350 سے 400 کے درمیان تھی اب ڈالر 280 کا ہے۔ نجی نیوز چینل کے پروگرام ان فوکس کی اینکر پرسن نادیہ نقی کے ساتھ گفتگوکے دوران نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضی سولنگی نے کہا کہ جب نگراں وزیر کا حلف لیا تو میرا عوام سے پہلا وعدہ تھا کہ الیکشن کے حوالے سے الیکشن کمیشن کی ضروریات پوری کی جائیں گی، دوسرا وعدہ یہ تھا کہ ملک جس حالت میں ملا اس سے بہتر حالت میں چھوڑ کر جائیں گے۔
نگراں وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ دونوں وعدوں پر ہم پورا اترے، معیشت کی سمت درست ہوئی ہے ، ملک میں استحکام آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس دن حلف اٹھایا اس دن ڈالر کی قیمت 350 سے 400 کے درمیان تھی، اب ڈالر 280 کا ہے، لوگ کہتے تھے ملک دیوالیہ ہو جائے گا، نگران حکومت نے معیشت کی سمت درست کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی اعتبار سے اب مارکیٹ میں استحکام ہے، مرتضی سولنگی نے کہا کہ بجلی چوری کو روکنے کے لیے اقدامات کئے، ا ربوں روپے کی ریکوری ہوئی۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے جلسے نشر کرنا میری ذمہ داری نہیں تھی۔ الیکشن کے دوران جو مشکلا ت سامنے آئیں وہ ضلعی حکومتوں سے متعلق تھیں۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ کے اندر کسی سوشل میڈیا ایپ پر پابندی کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی فرد جس کا ریمانڈ چل رہا ہو اگر وہ بھوک ہڑتال کردے تو کیا آپ اسے رہا کردیں گے، اینکرز اور صحافی چیزوں کو جنرلایز کرنے سے گریز کریں۔