اسلام آباد۔3مارچ (اے پی پی):آئیسکو کے چیف ڈاکٹر محمد امجد نے کہا ہے کہ بجلی چوروں کے خلاف آئیسکو کی تمام فارمیشنز متحرک بہترین نتائج موصول ہو رہے ہیں، 53 کروڑ سے زائد کے جرمانے کئے گئے اور متعدد بجلی چوروں کو گرفتارکیا گیا جس سے بجلی چوری اور لائن لائسنز میں نمایاں کمی ہوئی۔ اتوار کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ 7 ستمبر 2023 سے حکومت پاکستان اور وزارت توانائی کی ہدایات پر آئیسکو ریجن میں بجلی چوروں کے خلاف آپریشن بھرپور انداز میں جاری ہے جس میں آئیسکو ڈیٹیکشن ٹیموں کو حکومت پاکستان وزارت توانائی ضلعی انتظامیہ اور پولیس کا بھرپور ساتھ میسر ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماہ فروری میں آئیسکو کے تمام آپریشن سرکلز میں ڈیٹیکشن ٹیموں نے 1 لاکھ 32 ہزار سے زائد میٹرز چیک کئے 287 میڑز سے بجلی کے ڈاریکٹ استعمال اور 24 ٹمپرڈ میٹرز کے حامل صارفین کو 2 کروڑ 29 لاکھ سے زائد کے جرمانے عائد کئے گئے جبکہ 28 بجلی چوروں کو پولیس نے گرفتار کیا جبکہ 7 ستمبر 2023 سے 29 فروری 2024 کے دوران 12 ہزار 707 صارفین کو بجلی چوری سلو اور ٹمپرڈ میڑز کی مد میں 53 کڑوڑ 39 لاکھ سے زائد کے جرمانے عائد کئے گئے۔آئیسکو چیف ڈاکٹر محمد امجد نے کہا کہ بجلی چوروں کے خلاف بلا تفریق کارروائیوں کے باعث آئیسکو ریجن میں چوری میں نمایاں کمی آئی ہے جس سے کمپنی کی ریکوری بہتر ہوئی ہے اور لائن لائسنز میں بھی نمایاں کمی آئی ہے۔ انہوں نے صارفین سے درخواست کی ہے کہ وہ بجلی چوری کی اطلاع متعلقہ ایس ڈی او آفس یا ہیلپ لائن نمبر 118 پر دیں۔