ڈیرہ غازی خان۔ 03 مارچ (اے پی پی):پنجاب فوڈ اتھارٹی کے زیر اہتمام ڈیرہ غازی خان کے تعلیمی اداروں میں ایٹ سیف کڈز کمپین کا آغاز کردیا گیا ہے،اس حوالے سے فوڈ اتھارٹی ڈیرہ غازیخان کی طرف سے انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی سکولز میں سیمینار کا اہتمام کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک،ڈائریکٹر آپریشنز فوڈ ساؤتھ پنجاب شہزاد مگسی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بچے ہمارا اثاثہ اور مستقبل ہیں،انہیں معیاری خوراک دینا ہم سب کی ذمہ داری ہے،بچوں میں آئرن کمی کو پورا کرنے کیلئے متوازن غذا، پھلوں و سبزیوں کا استعمال ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی نیچرل فوڈز کی افادیت اور اسکی سیفٹی کو یقینی بنا رہی ہے اور ضلعی انتظامیہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کو سیفٹی فوڈز کی دستیابی میں ہر ممکن تعاون فراہم کرتی رہے گی۔انہوں نے کہا کہ غذائیت سے بھرپور خوراک سے ہی بچوں کی غذائی ضروریات کو پورا کیا جاسکتا ہے۔اس موقع پر ڈائریکٹر فوڈ شہزاد خان مگسی نے کہا کہ ایٹ سیف پروگرام کا مقصد بچوں، والدین اور اساتذہ کو غذائیت سے بھرپور خوراک بارے آگاہی دینا ہے،غذائی ماہرین بچوں کی اچھی صحت کیلئے والدین کو مفید غذائی مشاورت فراہم کررہے ہیں،سیمینار میں والدین کو بچوں کیلئے صحت بخش لنچ باکس کی ترغیب بھی دی جارہی ہے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک نے طلباوطالبات اور انتظامیہ میں تحائف تقسیم کئے اور فوڈ سٹالز کا معائنہ بھی کیا۔سیمینار میں پولیٹیکل اسسٹنٹ محمد اسد چانڈیہ،ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ اتھارٹی عمران خان بھی موجود تھے۔