اسلام آباد۔4مارچ (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور ڈپٹی سپیکر سیّد غلام مصطفیٰ شاہ نے میاں محمد شہباز شریف کو وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھانے پر مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے ۔ پیر کو اپنے تہنیتی بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کی ولولہ انگیز قیادت میں ملک میں ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔ وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے ہمیشہ ملک و قوم کی بھر پور خلوص اور لگن سے خدمت کی ہے، ماضی کی طرح اب بھی وہ عوامی خدمت کو اسی جوش و جذبے سے جاری رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف ایک زیرک، مدبر، بردبار اور مفاہمت پسند سیاسی رہنما ہیں اور وہ ملکی مسائل کو حل کرنے میں وسیع تجربہ رکھتے ہیں ان کی قیادت میں وفاقی حکومت ملک کو درپیش مسائل کو حل کیلئے بھرپور کردار ادا کرے گی۔ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سیّد غلام مصطفیٰ شاہ نے بھی وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف کو وزارت عظمیٰ کے منصب کا حلف اٹھانے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف ایک کہنہ مشق سیاسی رہنما ہیں، وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کی قیادت میں وفاقی حکومت ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرے گی۔