اسلام آباد۔4مارچ (اے پی پی):مسلم لیگ ن کے رہنما سینیٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ خواتین کیلئے روز گار اور معاوضہ کے حقوق مردو ں کے مساوی دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ورک پلیس اور عام مقامات پر خواتین کو ہراساں کرنے پر سخت سزائیں دی جائیں گی۔انہوں نے پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ خواتین ملکی آبادی کا نصف سے زیادہ حصہ ہیں،
انہیں روز گار کے مواقع کی فراہمی اور کام کی اجرت مردوں کے مساوی نہ دینے کا رویہ غیر منصفانہ ہے، وزیراعظم نے اس امتیازی فرق کو ختم کرنے کا اعلان کیا ہے، خواتین کو مردو ں کے مساوی معاوضہ کی ادائیگی یقینی بنائی جائے گی، کام کی جگہ پر خواتین کو ہراساں کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، خواتین کو ہراساں کرنے والوں کو عبرت ناک سزائیں دی جائیں گی۔