سینیٹ اجلاس، غزہ کے محاصرے کے فوری خاتمے اور مسلمان ممالک کی جانب سے امداد کی حوالگی سے متعلق قرارداد متفقہ طور پر منظور

image
اسلام آباد۔4مارچ (اے پی پی):ایوان بالا نے ایک قرارداد متفقہ طور پر منظور کی ہے جس میں عالمی برادری پر زور دیا گیا ہے کہ وہ غزہ کے محاصرے کے فوری خاتمے اور مسلمان ممالک کی جانب سے امداد کی حوالگی کیلئے مکمل رسائی کی اجازت کیلئے اقدامات کرے۔ پیر کو ایوان بالا کے اجلاس میں سینیٹر انجینئر رخسانہ زبیری و دیگر کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان29 فروری کو اسرائیلی فوج کی جانب سے معصوم اور نہتے فلسطینیوں جو امداد (اشیاء خوراک، ادویات وغیرہ) کے حصول کیلئے اکٹھے ہوئے تھے ، کی وحشیانہ قتل و غارت، جس کے نتیجہ میں سینکڑوں فلسطینیوں کو قتل کیا گیا پر خدشات کا اظہار کرتا ہے۔

بین الاقوامی برادری سے فلسطین آنے والی امداد کی اسرائیل کی فوج کی جانب سے بندش کی وجہ سے فلسطین کے لوگ بھوکے مر رہے ہیں، قرارداد میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ ایوان پرزور سفارش کرتا ہے اور بین الاقوامی برادری کو تاکید کرتا ہے کہ ایسے اقدامات اٹھائے جائیں جن سے غزہ کا محاصرہ فوری طور پر ختم ہو جائے اور مسلمان ممالک کو امداد کی حوالگی کیلئے مکمل رسائی کی اجازت ملے۔

سینیٹرز فیصل جاوید، پلوشہ خان، افنان اﷲ، عون عباس بپی، خالدہ اطیب، مشتاق احمد، نصیب اﷲ بازئی، سیمی ایزدی، تاج حیدر، دنیش کمار، وقار مہدی، روبیہ خالد، کامل علی آغا اور سیف اﷲ ابڑو نے قرارداد پر اظہار خیال کیا۔ بعدازاں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی نے قرارداد منظوری کیلئے ایوان میں پیش کی جس کی ایوان نے منظوری دے دی۔

 


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US