ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کی شہباز شریف کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد

image
اسلام آباد۔4مارچ (اے پی پی):ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے شہباز شریف کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے اور دوطرفہ تعلقات کو تعاون اور بھائی چارے کی بے مثال بلندیوں تک لے جانے کے لیے مل کر کام کرنے کی خواہش اور عزم کا اظہار کیا ہے۔پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے وزیراعظم شہباز شریف کو ٹیلی فون کیا اور انہیں پاکستان کا وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔وزیراعظم نے اخوت اور بھائی چارے کے اس احسن اقدام پر صدر اردوان کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ لوگوں کے درمیان پائیدار بندھن اور مضبوط مذہبی اور ثقافتی روابط پاکستان اور ترکیہ کے مضبوط رشتے کی بنیاد ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ پاکستان مستقبل قریب میں اسلام آباد میں ہونے والے پاک-ترکی اعلیٰ سطحی سٹریٹجک کوآپریشن کونسل کے آئندہ اجلاس میں صدر اردوان کا خیرمقدم کرنے کا منتظر ہے۔

دونوں ممالک کی حکومتوں اور عوام کے درمیان موجود دوستی کے مضبوط رشتوں کو یاد کرتے ہوئے دونوں رہنمائوں نے دوطرفہ تعلقات کو تعاون اور بھائی چارے کی بے مثال بلندیوں تک لے جانے کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش اور عزم کا اظہار کیا۔دونوں رہنمائوں نے غزہ میں بگڑتی ہوئی انسانی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا اور مسئلہ فلسطین کے عالمی قانون اور اقوام متحدہ اور او آئی سی کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق منصفانہ، جامع اور دیرپا حل کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔

 


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US