ایچ ای سی، عالمی بینک مشن کا پاکستان میں ہائر ایجوکیشن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کی پیش رفت کا جائزہ

image

اسلام آباد۔4مارچ (اے پی پی):ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی)کے زیر اہتمام ہائر ایجوکیشن ڈویلپمنٹ ان پاکستان (ایچ ای ڈی پی) نے پاکستان میں اپنے منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے نویں عالمی بینک مشن کا انعقاد کیا۔ ایک ہفتے کے دورانیہ کے مشن میں منصوبے کے چھ اجزا میں سے ہر ایک کے بارے میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، حفاظتی اقدامات اور اعتماد کے پہلوئوں پر غور کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی پیشرفت کا بغور جائزہ لیا گیا۔اجلاس کی صدارت ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایچ ای سی ڈاکٹر ضیا القیوم اور پراجیکٹ کوآرڈینیٹر ڈاکٹر محمود بٹ نے کی جنہوں نے مشن ٹیم کے ممبران کا پرتپاک خیر مقدم کیا اور ایچ ای ڈی پی ٹیم کی مخلصانہ کاوشوں کو سراہا۔

ڈاکٹر ضیا القیوم نے پراجیکٹ مشنز کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے انہیں پیش رفت کا سراغ لگانے، سیکھے گئے اسباق کو دستاویزی شکل دینے اور اہم چیک پوائنٹس کے طور پر خدمات انجام دینے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے منصوبے کی باقی مدت کے دوران فیکلٹی کی تربیت کے لئے ٹیم کی مسلسل حمایت کی بھی درخواست کی اور منصوبے کی پیشرفت کا مکمل جائزہ لینے کے لئے ایچ ای سی کے عزم کا اعادہ کیا۔ ورلڈ بینک کی ٹاسک ٹیم لیڈر اور سینئر اکانومسٹ انگا افاناسیوا نے اس منصوبے کے ذریعے پاکستان کے اعلی تعلیم کے شعبے کو مضبوط بنانے کے لیے عالمی بینک کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے نیشنل اکیڈمی فار ہائر ایجوکیشن (این اے ایچ ای)، ملحقہ کالجز (اے سیز)، یونیورسٹیوں کی مالی خودمختاری اور فیکلٹی ٹریننگ جیسے اہم شعبوں میں معاونت فراہم کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ایچ ای سی اور عالمی بینک کے مشترکہ جائزے سے ہر حصے کی پیشرفت کا جامع جائزہ لینے میں مدد ملی، جس کے نتیجے میں باہمی اتفاق رائے سے اگلے اقدامات کیے گئے جن کا مقصد منصوبے کی بقیہ مدت کے دوران اعلی تعلیم کے شعبے کے لیے زیادہ سے زیادہ مدد فراہم کرنا ہے۔

مجموعی طور پر83 فیصد منصوبے کی پیش رفت پر روشنی ڈالتے ہوئے ایچ ای ڈی پی کی ٹیم نے متعدد کامیابیاں پیش کیں جن میں43 انوویٹر سیڈ فنڈ گرانٹس سمیت 132 تحقیقی گرانٹس کا اجرا، 29 ملحقہ کالجوں(اے سیز) میں معیار کی بہتری کے مراکز کا قیام، نظر ثانی شدہ انڈر گریجویٹ ایجوکیشن پالیسی(یو ای پی) پر3900 فیکلٹی ممبران کی استعداد کار میں اضافہ اور پاکستان ایجوکیشن ریسرچ نیٹ ورک(پی ای آر این) اور دیگر اداروں کے درمیاں رسائی بڑھانے میں نمایاں پیش رفت شامل ہیں۔

اس مشن کا ایک قابل ذکر پہلو ایچ ای سی اسلام آباد میں تعمیری مکالمے میں پراجیکٹ سے مستفید ہونے والوں اور ماہرین تعلیم کو شامل کرنا، تحقیقی کوششوں کو تقویت دینا اور اعلی تعلیمی اداروں (ایچ ای آئیز)میں تدریس اور سیکھنے کے معیار کو بلند کرنے کے لئے منصوبے کی خدمات کے بارے میں قابل قدر بصیرت فراہم کرنا شامل ہے۔ مزید برآں، مشن میں یونیورسٹی آف ایجوکیشن (یو او ای)، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی(جی سی یو)لاہور اور متعلقہ اے سیز جیسے اہم اداروں کے دورے کے علاوہ یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی(یو ای ٹی)لاہور میں قائم ڈیٹا سینٹر کا دورہ بھی شامل تھا۔

چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد سے ملاقات کے دوران عالمی بینک کی ٹیم نے ایچ ای ڈی پی اور ایچ ای سی کی ٹیموں کی جانب سے مشن کے دوران کی جانے والی مہمان نوازی کو سراہا۔ انہوں نے جولائی2023 میں آخری مشن کے بعد سے حاصل ہونے والی نمایاں پیش رفت کو سراہا اور پاکستان کے اعلی تعلیم کے شعبے میں مثبت تبدیلی لانے والی مشترکہ کوششوں کو اجاگر کیا۔ایچ ای ڈی پی ایچ ای سی کا فلیگ شپ منصوبہ ہے جس کا مقصد معیشت کے اسٹریٹجک شعبوں میں تحقیقی کارکردگی، درس و تدریس کو بہتر بنانا اور اعلی تعلیم میں گورننس کو مضبوط بنانا ہے۔ منصوبے کے بارے میں مزید جاننے کے لئے ایچ ای سی کی ویب سائٹ ، www.hec.gov.pk دیکھی جاسکتی ہے۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US