اسلام آباد۔4مارچ (اے پی پی):ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے شہباز شریف کو وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے پرمبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف اپنی بہترین صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کریں گے۔پیر کو وزیرآعظم افس کے میڈیاونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کو ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے ٹیلی فون کیا۔ایران کے صدر نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک میں گہرے تاریخی اور ثقافتی روابط ہیں، پاکستان دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں موجود تعاون کو مزید مضبوط کرنے اور وسعت دینے کے لیے کوشاں ہے ۔صدر ابراہیم رئیسی نے کہا کہ امید ہے کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف اپنی بہترین صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کریں گے۔وزیراعظم نے ایرانی صدر کو جلد از جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔