اسلام آباد۔7مارچ (اے پی پی):نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا)نے شارٹ فلم مقابلہ 2024 کا آغاز کر دیا ہے، جس کا عنوان “پرامن پاکستان؛ خوشحالی کا راستہ ” رکھا گیا ہے۔ اس مقابلہ وہ تمام افراد حصہ لے سکتے ہیں جو اپنی تخلیقی صلاحیتوں کی مدد سے خوشحال اور ہم آہنگ پاکستان کو فلم کے ذریعے دکھانے کے لیے پرجوش ہیں۔ شرکت کرنے والوں کو دعوت دی جاتی ہے کہ اس شاندار موقع کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے وہ اپنی اصل مختصر فلمیں جمع کرائیں، جن کا دورانیہ 4 سے 7 منٹ ہو جس میں امن کو قومی خوشحالی کی بنیاد دکھایا گیا ہو ۔ مختصر فلمیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 اپریل 2024 مقرر کی گئی ہے جو [email protected] پر بھیجنا ہوں گی ۔ فلم سے متعلق تفصیلات جاننے کے لیے نیکٹا کی ویب سائٹ www.nacta.gov.pk کو وزٹ کریں ۔
واضح رہے کہ تخلیقی مہارت کے اعتراف میں اور فنکارانہ کوششوں کو فروغ دینے کے لیے، نیکٹا نے پہلے تین پوزیشن کے لیے نقد انعامات کا اعلان کیا ہے جس میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے کو ڈھائی لاکھ روپے ، دوسری پوزیشن کے فاتح کو ڈیڑھ لاکھ روپے اور تیسرے نمبر پر آنے والے کو ایک لاکھ روپے اور انکی کامیابی کو یادگار بنانے کے لیے اسناد سے نوازا جائے گا۔یاد رہے کہ یہ مقابلہ نہ صرف پاکستان میں امن اور خوشحالی کو فروغ دینے کے لیے نیکٹا کے عزم کو اجاگر کرتا ہے بلکہ ابھرتے ہوئے فلم سازوں کو قومی بیانیے میں اپنا حصہ ڈالنے کے لیے ایک پلیٹ فارم بھی فراہم کرتا ہے۔