اسلام آباد۔7مارچ (اے پی پی):پاکستان نے کہا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ جموں و کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کے لیے اپنے کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔
دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے جمعرات کو یہاں پریس بریفنگ میں کہا کہ دنیا 8 مارچ کو خواتین کا عالمی دن منا رہی ہے، ہم کشمیر کی ان باہمت خواتین کو یاد کرنا چاہیں گے جنہوں نے بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر تسلط جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم کا ڈٹ کر سامنا کیا ہے۔ترجمان نے کہا کہ انہوں نے بڑے پیمانے پر دکھ برداشت کیے اور رکاوٹوں کا سامنا کیا جو بنیادی ضروریات تک ان کی رسائی اور باوقار زندگی گزارنے کی ان کی صلاحیت میں رکاوٹ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فورسز کے جعلی مقابلوں سے بیوہ اور یتیم ہونے والی کشمیری خواتین اپنے خاندانوں کا واحد ذریعہ معاش بننے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گھرانوں کی سربراہی کرنے والی خواتین کو معاشرے میں اضافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور باعزت ملازمتوں کی تلاش میں رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ترجمان نے کہا کہ حریت رہنمائوں بشمول آسیہ اندرابی، ناہیدہ نسرین اور فہمیدہ صوفی سمیت خواتین کارکنان بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر تسلط جموں و کشمیراور بھارت کی مختلف جیلوں میں نظر بند ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیری خواتین اپنی زندگی اپنی مرضی کے مطابق گزارنے کی مستحق ہیں اور وہ اپنے حقوق اور آزادی بشمول پرامن اجتماع اور اظہار رائے کی آزادی کا حق رکھتی ہیں۔