اسلام آباد۔7مارچ (اے پی پی):پاکستان نے سعودی عرب کے شہر جدہ میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) وزراء خارجہ کونسل کے گزشتہ روز منعقد ہونے والے غیر معمولی اجلاس کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ محصور غزہ کی پٹی اور پورے مقبوضہ فلسطینی علاقے میں شہریوں کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کی حمایت کرتا ہے۔
دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے جمعرات کو یہاں پریس بریفنگ میں کہا کہ او آئی سی وزراء خارجہ کونسل نے قابض طاقت کو غزہ میں شہریوں کی جاری نسل کشی کا مکمل طور پر ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ترجمان نے کہا کہ ہم فوری اور غیر مشروط جنگ بندی اور اسرائیلی جارحیت کے خاتمے کے ساتھ ساتھ بلا روک ٹوک اور مناسب انسانی و طبی امداد اور ریلیف کے علاوہ پانی و بجلی کی فراہمی اورانسانی ہمدردی کی راہداریوں کو کھولنے کے مطالبے میں شامل ہیں تاکہ فوری امداد کی فراہمی ممکن ہوسکے۔انہوں نے کہا کہ اب جبکہ رمضان المبارک کا مقدس مہینہ قریب آ رہا ہے، ہم فلسطین کے لوگوں کو فوری ریلیف دینے اور فلسطینیوں کو مسجد اقصی میں نماز ادا کرنے کے لیے غیر محدود رسائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔