وزیر اعظم محمد شہباز شریف کاوزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد کے پیغامات پر چین، ترکیہ اور متحدہ عرب امارات کی قیادت سے اظہار تشکر

image

اسلام آباد۔8مارچ (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد کے پیغامات پر چین، ترکیہ اور متحدہ عرب امارات کی قیادت کا شکریہ ادا کیا ہے۔جمعہ کو وزیراعظم نے چین کے صدر شی جن پنگ کے سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ایکس پر تہنیتی پیغام کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ پاک چین دوستی کو مزید مضبوط بنانے اور چین پاکستان اقتصادی راہداری کو بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹیو کے فلیگ شپ منصوبے کے طور پر اعلیٰ معیار کی ترقی کے لئے ان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں۔

انہوں نے چین کے وزیر اعظم لی کی کیانگ کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان سی پیک سے مکمل طور پر مستفید ہونے اور چین کے ساتھ تعاون پر مبنی سدا بہار شراکت داری کیلئے کام جاری رکھے گا۔ وزیراعظم نے ترک صدر رجب طیب اردوان کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ تاریخی دوطرفہ تعلقات کو بھائی چارے اور تعاون کی بے مثال سطح تک بڑھانے کے لئے ان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں۔ وزیر اعظم نے متحدہ عرب امارات کے نائب صدر و وزیراعظم شیخ محمد بن راشد المکتوم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد سمیت متحدہ عرب امارات کی قیادت سے بھی ان کی نیک خواہشات اور دعاؤں پر اظہار تشکر کیا۔

انہوں نے مبارکباد کے خط کے لئے یو اے ای کے نائب صدر، نائب وزیر اعظم اور صدارتی عدالت کے چیئرمین شیخ منصور بن زید النہیان کا بھی شکریہ ادا کیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی برادرانہ اور دور اندیش قیادت کے ساتھ اپنے مضبوط برادرانہ تعلقات کو مزید آگے بڑھانے کے لئے کام کرنے کے منتظر ہیں، باہمی اعتماد، مشترکہ مذہب، تاریخ و ثقافت پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات کے ستون ہیں۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US