اسلام آباد۔8مارچ (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آ فریدی نے کہا ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں ملک کی بقا ء کی خاطر میثاق جمہوریت ومعیشت پر اکٹھی ہو جائیں ،ملک انتشار کا متحمل نہیں ہوسکتا ۔جمعہ کو ایوان بالا میں الوداعی تقریر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہوں نے قائمہ کمیٹی تجارت کے چیئرمین سمیت مختلف عہدوں پر کام کیا، انہیں ارکان کا مکمل تعاون حاصل رہا، میں اپنی قیادت کا شکرگزار ہوں جس نے مجھے اتنی عزت دی اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کی کرسی پر بٹھایا ۔
انہوں نے کہا کہ اس ایوان کا بنیادی مقصد قانون سازی کرنا ہے ،تمام سیاسی جماعتوں کو چاہئے کہ ایسی قانون سازی کریں جس سے ملک بہتری کی طرف آ گے جائے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں فوڈ سکیورٹی کا مسئلہ آ نے والا ہے ،ہمیں چاہئے کہ مستقبل کے لئے ایسی منصوبہ بندی کریں جس کے جلد مثبت نتائج ہمیں ملیں ۔انہوں نے کہا کہ زراعت اور معیشت دو اہم شعبے ہے ،ان دو شعبوں پر ہمیں ترجیحی بنیادوں پر کام کرنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ چھ سال کے دوران اس ایوان سے بہت کچھ سیکھا اور میں سینیٹ کے تمام عملے ،میڈیا سمیت تمام دوستوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں ۔