قومی اسمبلی کا عالمی یوم خواتین کے موقع پر شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی ملک، قوم اور خواتین کیلئے خدمات پر خراج عقیدت

image

اسلام آباد۔8مارچ (اے پی پی):قومی اسمبلی نے عالمی یوم خواتین کے موقع پر شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی ملک، قوم اور خواتین کیلئے خدمات پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ خواتین کو بااختیار بنانے اور انہیں یکساں مواقع فراہم کرنے کیلئے قانون سازی کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں۔

جمعہ کو قومی اسمبلی میں سید نوید قمر نے عالمی یوم خواتین پر قرارداد لانے کیلئے متعلقہ قواعد معطل کرنے کی تحریک پیش کی جس کی ایوان نے منظوری دیدی۔ سحر کامران نے قرارداد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایوان عالمی یوم خواتین کے حوالے سے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی ملک، قوم، جمہوریت اور خواتین کے حوالے سے خدمات پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتا ہے۔ وہ ہمارے لئے ایک قابل تقلید مثال ہیں جنہوں نے خواتین کے راستے پر حائل رکاوٹوں کو دور کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

قومی اسمبلی کا یہ ایوان عالمی یوم خواتین کا دن منانے پر ساری عالمی برادری کو خراج تحسین پیش کرتا ہے اور اس بات پر زور دیتا ہے کہ خواتین کو معاشرے میں برابری کے مواقع فراہم کرنے کیلئے ہر قسم کے صنفی امتیاز سے بالاتر ہو کر اقدامات اٹھائے جائیں۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ عورتوں کے خلاف ہر قسم کے جرائم کا خاتمہ کرنے کی ضرورت ہے اور قومی سطح پر انہیں صنفی مساوات فراہم کر کے یکساں مواقع فراہم کئے جائیں۔ یہ ایوان اس بات پر زور دیتا ہے کہ خواتین کی ترقی کیلئے اور ان کے راستے میں حائل ہر طرح کی رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے قانون سازی کی جائے۔ قومی اسمبلی نے قرارداد کی منظوری دیدی۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US