اسلام آباد۔8مارچ (اے پی پی):نیشنل پریس کلب (این پی سی) اسلام آباد کے سالانہ انتخابات برائے سال 2024-25 میں جرنلسٹ پینل نے افضل بٹ کی زیر قیادت کلین سویپ کرتے ہوے ایگزیکٹو کونسل کی تمام نشستوں پر کامیابی حاصل کر لی ہے۔ جرنلسٹ پینل نے مسلسل 19 ویں مرتبہ کامیابی سمیٹتے ہوئے جڑواں شہروں کی انتخابی سیاست میں جیت کے حوالے سے نئی تاریخ رقم کردی ہے۔
جمعرات کے روز ہونے والے انتخابات میں دی جرنلسٹ پینل نے سینئر صحافی نواز رضا کی زیر سرپرستی فاروق فیصل خان کی قیادت میں ، آزاد جرنلسٹ پینل نے شکیل قرار اور جرنلسٹ کونسل پینل نے صغیر چوہدری کی قیادت میں مطیع اللہ جان کے جاگو پینل کے تعاون سےالیکشن میں حصہ لیا جنھیں افضل بٹ کی زیر سربرستی الیکشن میں حصہ لینے والے جرنلسٹ پینل نے باآسانی شکست دیدی ۔ جمعہ کو این پی سی سے جاری پریس ریلیز میںالیکشن کمیٹی کے چیرمین عاصم قدیر رانا کی جانب سے اعلان کر دہ انتخابی نتائج کے مطابق جرنلسٹ پینل کے صدارتی امیدوار اظہر جتوئی 1038 ووٹ حاصل کرکے کامیاب رہے ۔ان کے مد مقابل شکیل قرار نے478 ، فاروق فیصل خان نے 390 اور صغیر چوہدری نے 171 ووٹ حاصل کیے۔ سیکرٹری کی نشست پر جرنلسٹ پینل کی امیدوار نیر علی988 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائیں جبکہ آزاد جرنلسٹ پینل کی امیدوار ڈاکٹر سعدیہ کمال555ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہیں ۔ دی جرنلسٹ پینل کے امیدوار فرقان راؤ نے 473 ووٹ حاصل کیے جبکہ جرنلسٹ کونسل پینل کے سردار حفیظ صرف50 ووٹ حاصل کر سکے۔ فنانس سیکرٹری کے لیے جرنلسٹ پینل کے وقار عباسی 914 ووٹ لے کر کامیاب ، نائب صدر کی تین سیٹوں پرجرنلسٹ پینل کے احتشام الحق نے 1043، سید ظفر حسین ہاشمی نے 858 ووٹ اور شاہ محمد792 ووٹوں کے ساتھ کامیاب رہے ۔جبکہ خواتین کی نائب صدر کی امیدوار سحر اسلم 1023 وو ٹ لے کر کامیاب قرار پائیں ۔ جوائنٹ سیکرٹری کی تین نشستوں پر جرنلسٹ پینل کے جاوید باگھٹ نے933، سید عون شیرازی نے943،طلعت فاروق نے 913 ووٹ حاصل کر کے کامیابی حاصل کی ۔ خواتین کی جوائنٹ سیکرٹری کی ایک نشست کے لیے سحرش قریشی 1084ووٹ کے ساتھ کامیاب قرار پائیں ۔سحرش قریشی نے اس الیکشن میں سب سے زیادہ ووٹ حاصل کرنے کا ریکارڈ بھی قائم کیا ۔ نیشنل پریس کلب انتخابات میں ٹوٹل 2134ووٹ کاسٹ ہوئے ۔ پریس کلب کی گورننگ باڈی کے امیدواروں کا اعلان اتوار کو کیا جائے گا جس میں 114 امیدواروں نے حصہ لیا۔