شاندانہ گلزار کو مریم نواز پر لگائے جھوٹے الزامات کا ثبوت دینا ہو گا،پاکستانی اداروں کیخلاف ہرزہ سرائی کرنے والوں کو برداشت نہیں کیاجائے گا،عظمی بخاری

image

لاہور۔9مارچ (اے پی پی):وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ پی ٹی آ ئی کی ایم این اے شاندانہ گلزار کو مریم نواز پر لگائے گئے جھوٹے الزامات کا ثبوت دینا ہو گا،پاکستانی اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے والوں کو برداشت نہیں جائے گا،اسمبلی کے تقدس کا خیال رکھنا سب ارکان کا فرض ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز یہاں پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔عظمی بخاری نے کہاکہ شاندانہ گلزار وہ خاتون ہیں جنہیں ریلیف دینے کیلئے مصلحت کے تحت سیاست میں لایا گیا،اس وقت بھی وہ پاکستان اور اس کے اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کرتی رہیں اور آج بھی وہ پاکستانی اداروں کے خلاف بیان بازی کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے والوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا،ظل شاہ جو پی ٹی آ ئی کا کارکن تھا ،اس کی لاش کو پی ٹی آ ئی نے بیچنے کی کوشش کی لیکن قانون نافذ کرنے والوں کی ہمت سے ان کی یہ کوشش ناکام ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ شاندانہ گلزار جو اب ایم این اے ہیں نے وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف پر الزام لگایا ہے کہ مریم نواز کی ظل شاہ کے حوالے سے ویڈیو ان کے پاس ہے جس میں مریم نواز نے کہا ہے کہ ظل شاہ کی لاش پر سے تین چار دفعہ گاڑی کو گزارا جائے، پی ٹی آ ئی نے ہمیشہ لاشوں پر سیاست کی ہے جبکہ مسلم لیگ ن کا لاشوں پر سیاست کرنا کبھی مطمع نظر نہیں رہا،

پی ٹی آ ئی کے شرپسند اوچھے ہتھکنڈے چھوڑ دیں۔ انہوں نے کہا کہ شاندانہ گلزار کے خلاف ایف آ ئی اے میں رپورٹ درج کروا دی گئی ہے،شاندانہ گلزار کے مریم نواز پر لگائے گئے الزامات کا نوٹس لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایف آ ئی اے نے شاندانہ گلزار کو انکوائری کے لئے پیش ہونے کا نوٹس جاری کر دیا ہے اور جو جھوٹے الزامات انہوں نے مریم نواز پر لگائے ہیںان کا ثبوت دینا پڑے گا، ورنہ انہیں قانوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ اب ایسا نہیں چلے گا جو دل میں بات آئی وہ کہہ دی اور گھر چلے گئے اب جو بات آپ کسی کے خلاف کریں گے

اس کا ثبوت لانا پڑے گا ورنہ انہیں عدالتوں کا سامنا کرنا پڑے گا،مجھے امید ہے کہ مریم نواز کے خلاف شاندانہ گلزار کے الزامات کا ان کے پاس کوئی ثبوت نہیں۔عظمی بخاری نے کہا کہ شاندانہ گلزار کے الزامات پر اب عورت کارڈ نہیں چلے گا،میرٹ پر بات ہو گی ،اس حوالے سے وزیر اعلی مریم نواز کی زیرو ٹالرنس پالیسی ہے ، جھوٹے الزامات لگانے پرکسی کے ساتھ کوئی رعایت نہیں ہو گی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آزادی اظہار رائے کی میں سب سے زیادہ حامی ہوں لیکن اگر کوئی میرے اوپر غلط الزامات لگائے تو اس کا ثبوت پیش کرنا چاہیے یہ نہیں ہو سکتا کہ آ پ سوشل میڈیا پر بیٹھ کر کوئی بھی الزام لگائیں اور دوسرا چپ رہے،اب ایسا نہیں چلے گا ،اس حوالے سے سوشل میڈیا میں اصلاحات لائی جا رہی ہیں۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آ ئی کا کام رونا دھونا ہے وہ ابھی سٹرکوں پر رہنا چاہتے ہیں،

اگر وہ پرامن احتجاج کرتے ہیں جو ان کا حق ہے تو انہیں کچھ نہیں کہا جائے گا لیکن اگر وہ نو مئی کے واقعہ کو دوبارہ دہرانا چاہتے ہیں تو قانون اپنا راستہ خود بنائے گا۔ایک اور سوال کے جواب میں عظمی بخاری نے کہا کہ پی ٹی آئی کے شر پسند عناصر دوسروں پر جھوٹے الزامات لگانا، فیک نیوز اور ویڈیوز بنانا بند کردیں ورنہ قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ آصف زرداری ایک زیرک سیاستدان اور وہ تمام جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنے کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں ۔۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US