اسلام آباد۔14مارچ (اے پی پی):پاکستان نے قابض اسرائیلی افواج کی طرف سے غزہ کے عوام پر جاری مظالم پر گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے جنوبی غزہ میں رفح کے مشرقی حصے میں فلسطینی پناہ گزینوں کے لئے اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی (یو این آر ڈبلیو اے) کے خوراک کی تقسیم کے مرکز پر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے جمعرات کو یہاں پریس بریفنگ میں کہا کہ قحط سے دوچار آبادی کے لیے خوراک کی تقسیم کے چند باقی مراکز پر حملہ اسرائیل کی فلسطینیوں کو بڑے پیمانے پر فاقہ کشی سے دوچار کرنے کی دانستہ اور غیر انسانی پالیسی کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ غیر انسانی کارروائی اور انسانیت کے خلاف جرم ہے۔ فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی 20 لاکھ سے زائد لوگوں کیلئے لائف لائن کا کام کرتی ہے، یہ پناہ گاہ فراہم اور ضروری خوراک کے ساتھ ساتھ بنیادی صحت کی دیکھ بھال کی خدمات فراہم کرتی ہے، اسے غزہ پر جاری غیر انسانی جنگ کے دوران بین الاقوامی حمایت اور تحفظ کی ضرورت ہے۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان مقبوضہ مغربی کنارے میں 3500 نئی بستیوں کی تعمیر کے بارے میں اسرائیل کے حالیہ فیصلے کی سخت ترین ممکنہ الفاظ میں مذمت کرتا ہے، یہ اسرائیلی کارروائی بین الاقوامی قانون، بین الاقوامی انسانی قوانین اور اقوام متحدہ اور او آئی سی کی متعلقہ قراردادوں کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک آزاد، خودمختار اور متصل فلسطینی ریاست کے امکانات کو مزید کمزور کر دے گا۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ہم اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ فلسطینی عوام کے خلاف قابض حکام کے ان جرائم کا خاتمہ کرے اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت فلسطینی عوام کی تکالیف کا خاتمہ کرنے کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے