متحدہ عرب امارات میں پاکستانی سفارتخانے میں یوم پاکستان کی مناسبت سے پر وقار تقریب

image
ابوظہبی۔23مارچ (اے پی پی):متحدہ عرب امارات میں پاکستانی سفارتخانے نے یوم پاکستان کی مناسبت سے ہفتہ کو یہاں ایک پر وقار تقریب کا اہتمام کیا۔ تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کے افراد بشمول خواتین اور بچوں کے ساتھ ساتھ سفارت خانے کے حکام نے بھی شرکت کی۔

سفارت خانہ پاکستان کی طرف سے جاری بیان کے مطابق تقریب کا افتتاح پاکستانی سفیر فیصل نیاز ترمذی کی جانب سے پرچم کشائی اور قومی ترانہ بجا کر کیا گیا۔اس موقع پر صدر مملکت اور وزیر اعظم کے قومی دن کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔

پاکستانی طلباء کے ایک گروپ نے جوش اور جذبے سے ملی نغمہ پیش کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے برصغیر کے مسلمانوں کی طویل جدوجہد اور قربانیوں کو یاد کیا جس کے نتیجے میں پاکستان کو آزادی ملی۔ انہوں نے معاشی چیلنجوں کا مقابلہ کرنے اور پاکستان کو مستحکم بنانے کے لیے معاشرے میں اتحاد، رواداری اور ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے خوشحال ملک اور آزادی کی قدر پر زور دیتے ہوئے بھارتی غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیر اور فلسطین کے لوگوں کے حق خودارادیت کے حصول کے لیے پاکستان کے اصولی موقف کا اعادہ کیا جو کئی دہائیوں سے قابض افواج کی جارحیت اور تشدد کا شکار ہیں۔

پاکستانی سفیر نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان مضبوط دوطرفہ تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا اور یو اے ای کی ترقی اور خوشحالی میں پاکستانیوں کے اہم کردار پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں نے معاشی چیلنجز پر قابو پانے کے لیے پاکستان کی معیشت میں بہت بڑا کردار ادا کیا ہے۔ اس موقع پرانہوں نے کمیونٹی کے اراکین پر زور دیا کہ وہ متحدہ عرب امارات کے معاشرے کا قیمتی اثاثہ بنے رہیں اور متحدہ عرب امارات کے قوانین اور قواعد و ضوابط کی پابندی کرتے رہیں۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US