پاکستان نے مختلف خطرات اور چیلنجز پر قابو پایا ہے، چینی صدرشی جن پنگ کا صدر پاکستان آصف علی زرداری کو یوم پاکستان پر مبارکباد کا پیغام

image

بیجنگ۔23مارچ (اے پی پی):چین کے صدر شی جن پنگ نے پاکستان کے صدرآصف علی زرداری کو یوم پاکستان پر مبارکباد کے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ حالیہ برسوں میں پاکستان نے مختلف خطرات اور چیلنجز پر قابو پایا ہے، قومی تعمیر میں نئی پیش رفت کی ہے اور بین الاقوامی اور علاقائی امور میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

چینی میڈیا کے مطابق انہوں نے کہا کہ دنیا، زمانے اور تاریخ کی تبدیلیوں کے تناظر میں، چین اور پاکستان نے مل کر ایک دوسرے کی مدد کی ہے اور “آہنی” دوستی کو فروغ دیا ہے۔صدر شی جن پنگ نے کہا کہ وہ چین پاکستان تعلقات کی ترقی کو بہت اہمیت دیتے ہیں اور صدرآصف علی زرداری کے ساتھ سٹریٹجک رابطوں کو مضبوط بنانے،

دونوں ممالک کے درمیان تمام شعبوں میں تبادلوں اور تعاون کو فروغ دینے،چین اور پاکستان کے مابین چاروں موسموں کی تزویراتی شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کے لیے تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ نئے دور میں مزید قر بت کے حامل چین پاکستان ہم نصیب معاشرے کی تعمیر کو تیز کیا جائے گا۔

چین کے وزیر اعظم لی چیانگ اور سی پی سی کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن اور چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے بھی بالترتیب پاکستانی وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے نام یوم پاکستان پر مبارکباد کے علیحدہ علیحدہ پیغامات بھیجے۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US