اسلام آباد۔31مارچ (اے پی پی):سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) گیس ٹاسک فورس نے گیس چوری کے خلاف آپریشن کو تیز کر دیا ہے، جس کے نتیجے میں غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔جنرل منیجر اسلام آباد عدنان احمد نے کہا ہے کہ گیس چوری کے مرتکب مشتبہ افراد کے خلاف فوری کارروائی کی گئی ہے۔ چٹھہ بختاور میں گرلز ہاسٹل کے مالکان اس وقت گیس چوری میں ملوث ہونے کے الزام میں زیر تفتیش ہیں۔اسی طرح سیکٹر G-10 میں ڈائریکٹ کنکشن کے ذریعے گیس چوری میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کارروائی کے نتیجے میں ملزمان کے گیس کنکشن فوری طور پر منقطع کر دیے گئے ہیں اور ان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔متعلقہ تھانوں میں ایف آئی آر درج کرنے کے علاوہ، گیس کی چوری کی حد کا اندازہ لگانے کی کوششیں جاری ہیں اور اس کے مطابق مناسب چارجز وصول کیے جائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ قومی اثاثوں کو خطرے میں ڈالنے کے ذمہ داروں کو قانون کا سامنا کرنا پڑے گا اور کسی بھی بیرونی دباؤ کی پرواہ کیے بغیر انہیں معاف نہیں جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایس این جی پی ایل گیس ٹاسک فورس گیس چوری سے نمٹنے اور ملکی وسائل کی سالمیت کے تحفظ کے لیے اپنے عزم پر ثابت قدم ہے۔