پاکستان کی دمشق میں ایرانی سفارت خانے کے قونصلر سیکشن پر حملے کی شدید مذمت

image

اسلام آباد۔2اپریل (اے پی پی):پاکستان نے شام کے شہر دمشق میں ایرانی سفارت خانے کے قونصلر سیکشن پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے متاثرین کے اہل خانہ، عوام اور ایران کی حکومت سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ حملہ شام کی خودمختاری کی ناقابل قبول خلاف ورزی ہے اور اس کے استحکام اور سلامتی کو نقصان پہنچاتا ہے۔

بیان کے مطابق یہ بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی ہے، 1961 کے سفارتی تعلقات کے ویانا کنونشن کے تحت سفارت کاروں یا سفارتی سہولیات کے خلاف حملے بھی غیر قانونی ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیاہے کہ اسرائیلی افواج کا غیر ذمہ دارانہ اقدام پہلے سے ہی عدم استحکام کا شکار خطے میں ایک بڑا اضافہ ہے۔

ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اسرائیل کو خطے میں اس کی مہم جوئی اور پڑوسی ممالک پر حملہ کرنے اور غیر ملکی سفارتی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی غیر قانونی کارروائیوں سے روکے۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US