اسلام آباد۔3اپریل (اے پی پی):پاکستان سٹیٹ آئل (پی ایس او ) کی پٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں مارچ کے دوران سالانہ بنیادو ں پر 11 فیصد اضافہ ریکارڈکیا گیا ۔ او سی اے سی اور عارف حبیب ریسرچ کے اعدادوشمار کے مطابق مارچ میں پی ایس او کی 0.59 ملین ٹن پٹرولیم مصنوعات کی فروخت ریکارڈکی گئی جو گزشتہ سال مارچ کے مقابلہ میں 11فیصد زیادہ ہے ۔گزشتہ سال مارچ میں ملک میں پی ایس او کے 0.54 ملین ٹن پٹرولیم مصنوعات کی فروخت ریکارڈکی گئی تھی۔ فروری کے مقابلے میں مارچ میں پی ایس او کی پٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں ماہانہ بنیادوں پر 5 فیصداضافہ ہوا۔فروری میں پی ایس او کے 0.57 ملین ٹن پٹرولیم مصنوعات کی فروخت ریکارڈکی گئی جو مارچ میں بڑھ کر 0.59 ملین ٹن ہو گئی۔ رواں مالی سا ل کے پہلے 9 ما ہ میں پی ایس او کی 5.67 ملین ٹن پٹرولیم مصنوعات کی فروخت ریکارڈکی گئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 6.48 ملین ٹن کے مقابلہ میں 13 فیصد کم ہے۔