اسلام آباد۔4اپریل (اے پی پی):پاکستان اور جاپان کے درمیان موسمیات اور صحت کے شعبہ میں نوٹس کے تبادلہ اور گرانٹس کے دومعاہدوں پردستخط ہوگئے۔ معاہدوں پردستخطوں کی تقریب جمعرات کویہاں وزارت اقتصادی امورمیں ہوئی۔وزارت اقتصادی امورکے سیکرٹری ڈاکٹرکاظم نیاز اورپاکستان میں جاپان کے سفیر واڈا متسوہیرو نے منصوبوں کے نوٹس اورجائنٹ سیکرٹری سعیداشرف صدیقی اورجائیکا کے چیف نمائندہ ناوآکی میاتا نے معاہدوں پردستخط کئے۔
معاہدوں کے مطابق سکھر شہرمیں موسمیاتی نگرانی کیلئے ریڈار کی تنصیب کیلئے جاپان کی حکومت 5.4 ملین ڈالرکی معاونت فراہم کرے گی، اس طرح بین الاقوامی ترقی کیلئے جاپان کی ایجنسی جائیکا کےذریعے سندھ میں زچہ وبچہ کی صحت کی سہولیات میں توسیع کیلئے 4.4ملین ڈالرکی معاونت فراہم کی جائے گی۔ معاہدوں کا بنیادی مقصد موسمیاتی مشاہدات، پیشن گوئی اورقدرتی آفات سے پیشگی آگاہی کے ضمن میں پاکستان کے محکمہ موسمیات کی صلاحیتوں کو بہتر بنایا جائے گا ،اسی طرغ لیاقت یونیورسٹی ہسپتال، حیدرآباد/جامشورو، سندھ میں بچوں کے اسپتال اور ایم سی ایچ سینٹر میں طبی خدمات کی فراہمی میں اضافہ کیاجائے گا۔ سیکرٹری اقتصادی امورنے فریقین کے مابین بامعنی تعاون کے لیے تمام ضروری سہولتیں فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے جاپان کی حکومت اور عوام کی گرانقدر حمایت کی تعریف کی اوران کا شکریہ اداکیا۔جاپان کے سفیر نے دوستانہ تعلقات اور دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لئے حکومت پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے اپنے عزم کا یقین دلایا۔