کراچی۔ 12 اپریل (اے پی پی):گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کی جانب سے رائیڈرز، ڈیلیوری بوائز اور ان کے اہل خانہ کے اعزاز میں عشائیہ اور قوالی نائٹ کا انعقاد کیاگیا۔ بائیک کے ذریعے روزگار کمانے والے افراد، ان کے بچوں اور اہل خانہ کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔
جمعہ کو گورنرہائوس میں منعقدہ قوالی نائٹ و عشا ئیہ میں گورنر سندھ کے ہمراہ جے ڈی سی کے ظفر عباس، فرخ حبیب، ودیگر بھی شریک تھے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ اللہ تعالی کا شکر گذار ہوں کہ اس نے اس قابل بنایا، آج رائیڈرز اور ان کے خاندان کے لیے دل اور گورنر ہائو س کے دروازے کھولے، یہ گورنر ہائوس جتنا میرا ہے اس سے زیادہ آپ کا ہے۔گورنر سندھ نے مزید کہا کہ کوشش کررہے ہیں کہ آپ کی اجرت ڈبل ہو جائے، آپ لوگوں کی ہیلتھ انشورنس بھی کروائیں گے,اور یہاں موجود پانچ خوش نصیبوں کو عمرے کے ٹکٹ بھی دیں گے۔ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ راشن ڈرائیو میں فرخ امین نے بہت بڑا کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عہدے فائدہ لینے کے لیے نہیں بلکہ عوام کو ریلیف دینے کے لیے ہوتے ہیں، یہ صوبہ ہم سب کا ہے، ہم عوام کے مستقبل سے کسی کو کھیلنے نہیں دیں گے، جب تک ہوں گورنر ہائو س کے دروازے آپ لوگوں کے لیے کھلے رہیں گے، آپ نے مایوس نہیں ہونا کیونکہ مایوسی گناہ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایس آئی ایف سی کے ذریعے نہ صرف سب کو روزگا ملے گا بلکہ ایس آئی ایف سے کے ذریعے اس شہر اور صوبے میں خوشحالی بھی آئے گی۔ گورنر سندھ نے کہا کہ تین دنو ں میں اب تک گیارہ ہزار رائیڈرز کو رجسٹریشن کے ذریعے عیدی اور راشن دیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان تمام رائیڈرز اور ان کے اہل خانہ کو آئی ٹی کورس بھی کروائے جائیں گے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ جس دن لوگوں میں شعور آگیا، اسی دن خوشحالی آئے گی۔ تقریب میں شریک افراد کے لیے پانچ عمرے کے ٹکٹ کے لیے قرعہ اندازی بھی کی گئی۔ عمرے کے ٹکٹ حاصل کرنے والے پانچ خوش نصیبوں میں نعیم، راشد، کنول، محمد شیراز، ثمرین ایوب کے نام شامل ہیں۔