اسلام آباد۔3مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور آذربائیجان کے تعلقات مذہب و ثقافت، تہذیب و تمدن اور اقدار و روایات کے مثالی اور مضبوط رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں، وسطی ایشیائی سریاستوں سے ہمارا چولی دامن کا ساتھ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آذربائیجان کے پاکستان میں تعینات سفیر خضر فرہادوف سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعہ کو وزارت مواصلات میں وفاقی وزیر سے خصوصی ملاقات کی۔ وزارت مواصلات میں آذربائیجان کے سفیر کی آمد پر ان کا پرتپاک خیر مقدم کیا گیا۔
وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے آذر بائیجان کے سفیر کو بتایا کہ آذربائیجان، پاکستان کے توانائی،صحت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مواصلات کے شعبوں میں خاطرخواہ سرمایہ کاری کرسکتا ہے۔ وفاقی وزیر مواصلات عبد العلیم خان نے آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف کو بتایا کہ پاکستان کی موجودہ حکومت وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان سمیت پورے خطہ کے ممالک سے غربت و افلاس، مہنگائی اور بے روزگاری کا خاتمہ کرنے اور عوامی مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہے۔انہوں نے کہا کہ امن واخوت کے جذبہ اور جہد مسلسل سے ہی مسائل پر قابو پایا جا سکتاہے، پاکستان میں صنعت و تجارت، سیاحت اور دیگر کئی شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، ہم آذربائیجان کے تاجروں صنعتکاروں اور دیگر سرمایہ کاروں کو خوش آمدید کہیں گے۔ وفاقی وزیرمواصلات اور آذر بائیجان کے سفیر نے خوشگوار ماحول میں کئی امور پر تبادلہ خیال کیا۔