خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں بارش اور برفباری، سردی کی شدت میں اضافہ

image

صوبائی دارالحکومت پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں بارش اور برفباری کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ گزشتہ شب سے ہونے والی بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری کے باعث موسم مزید سرد ہو گیا ہے۔

پشاور، ہنگو اور چارسدہ میں بارش کے بعد سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ بالائی اضلاع چترال، کالام، مہوڈنڈ اور مالم جبہ میں برفباری کے بعد پہاڑوں سمیت ہر شے نے سفید چادر اوڑھ لی ہے۔

بارش سے قبل طویل خشک سالی کے باعث فصلوں کو نقصان پہنچنے اور وبائی امراض پھیلنے کے خدشات ظاہر کیے جا رہے تھے، تاہم بارش اور برفباری کے بعد یہ خدشات کم ہونا شروع ہو گئے ہیں۔ ماہرین کے مطابق بارش کے باعث فضائی آلودگی میں بھی کسی حد تک کمی آئی ہے اور وبائی امراض سے نجات ملنے کا امکان ہے۔

ادھر ضلع ایبٹ آباد اور اس کے گردونواح میں بارش کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری رہا، جس سے سردی میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ بارش کے باعث ایبٹ آباد میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے جبکہ مختلف علاقوں میں لوڈشیڈنگ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ گلیات اور دیگر بالائی علاقوں میں بھی سردی کی شدت بڑھ گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گلیات میں برفباری کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے جس سے موسم مزید سرد ہو سکتا ہے۔ اس حوالے سے ڈائریکٹر جنرل گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی شاہ رخ علی نے سیاحوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گلیات کا رخ کرنے والے سیاح گرم ملبوسات، گاڑیوں میں چین کا استعمال، اضافی فیول اور ضروری سامان ساتھ رکھیں۔ انہوں نے سفر سے قبل کھانے پینے کی اشیا ہمراہ رکھنے کی بھی تاکید کی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US