کراچی سے سیر و تفریح کے لیے سویڈن جانے والے دو نوجوان سٹاک ہوم کی ایک مقامی جھیل میں ڈوب کر ہلاک ہو گئے ہیں۔
سویڈن میں مقیم صحافی حسن عباس نے اُردو نیوز کو بتایا کہ سویڈن کے دارالحکومت سٹاک ہوم کی مقامی جھیل سے ریسکیو عملے نے دونوں پاکستانی نوجوانوں کی لاشیں نکال لی ہیں۔
ریسکیو عملے کے مطابق ہلاک ہونے والے نوجوانوں کا تعلق پاکستان کے شہر کراچی سے ہے۔
سویڈن میں ڈوب کر ہلاک ہونے والے نوجوان عارف زیدی کے بھائی خالق زیدی کے مطابق انہیں سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو سے معلوم ہوا کہ سویڈن میں دو نوجوان ڈوب کر ہلاک ہو گئے ہیں۔
ویڈیو دیکھنے کے بعد انہوں نے اپنے بھائی سے رابطہ کرنے کی کوشش کی لیکن رابطہ نہ ہو سکا۔
ان کا کہنا تھا کہ کچھ وقت گزرنے کے بعد انہیں اطلاع ملی کہ جھیل میں ڈوب کر ہلاک ہونے والے نوجوانوں میں ایک ان کا بھائی بھی شامل ہے۔
صحافی حسن عباس کے مطابق ریسکیو عملے نے دو نوجوانوں کی لاشوں کو ہسپتال منتقل کردیا ہے جہاں ضابطے کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد لعنشیں لواحقین کے حوالے کی جائیں گی۔