انڈیا کے جنگل میں ’40 دن تک بھوکی پیاسی‘ بندھی امریکی خاتون: ’میرا شوہر مجھے یہاں چھوڑ گیا‘

خاتون نے یہ دعوی کیا ہے کہ وہ 40 دن سے جنگل میں بھوکی اور پیاسی بندھی رہی تھیں۔ لیکن اتنے عرصے تک بنا کھائے پیے زندہ رہنا کیسے ممکن ہے؟ اس سوال نے یہ معاملہ اور بھی پراسرار بنا دیا ہے۔
انڈیا
BBC

انڈیا کی ریاست مہاراشٹرا کے ایک چھوٹے سے گاؤں میں سنیچر کی صبح جب چرواہے معمول کے مطابق اپنے مویشی جنگل میں لے کر گئے تو اچانک انھیں ایک چیخ سنائی دی۔

روناپال سونرلی گاؤں کے یہ چرواہے سندھودرگ نامی ضلع کے جنگلات میں یہ چیخ سن کر حیرت زدہ رہ گئے جب انھوں نے دیکھا کہ یہ آواز ایک ایسی خاتون کی تھی جس کی ٹانگیں کسی نے ایک درخت سے باندھ رکھی تھیں۔

انھیں اس وجہ سے بھی حیرت ہوئی کیوں کہ یہ خاتون مقامی نہیں تھی لیکن وہ جنگل کے اندر کافی فاصلے پر موجود تھیں۔

اس خاتون کو قریب سے دیکھ کر یہ چرواہے اور خوفزدہ ہو گئے اور انھوں نے فوراً قریبی گاؤں اور پولیس کو اطلاع دی۔

مہاراشٹرا پولیس کے اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر اس خاتون کی ٹانگ سے بندھی آہنی زنجیر کو کاٹا کر اسے چھڑوایا تو وہ کمزوری سے نڈھال تھی۔

پولیس کو یہ جان کر اور بھی حیرت ہوئی کہ یہ خاتون امریکی شہریت رکھتی تھی اور یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ اسے کسی مجرم نے نہیں بلکہ ان کے اپنے شوہر نے اس ویران مقام پر باندھ کر تنہا چھوڑ دیا تھا۔

پولیس کے مطابق یہ خاتون کافی عرصے سے انڈیا میں تمل ناڈو میں رہائش پذیر تھی اور اس کے پاس آدھار کارڈ بھی موجود تھا جس پر تمل ناڈو کا پتہ موجود تھا۔

خاتون کی شہریت کے بارے میں اس کے پاس سے ملنے والے پاسپورٹ سے علم ہوا۔ مقامی پولیس نے خاتون کو ایک ہسپتال میں علاج کے لیے داخل کروا دیا ہے کیوں کہ وہ کئی دن سے جنگل میں بنا خوراک اور پانی کے بندھی رہی تھی۔

انڈیا
BBC

پولیس کا کہنا ہے کہ اس معاملے کی تفتیش جاری ہے اور حتمی طور پر اس وقت کچھ بتایا نہیں جا سکتا۔

جب پولیس سے پوچھا گیا کہ آیا امریکی سفارت خانے کو اس معاملے کے بارے میں آگاہ کیا گیا ہے تو ان کا کہنا تھا کہ اس بارے میں سفارت خانے کو جلد آگاہ کر دیا جائے گا۔

بتایا گیا ہے کہ خاتون کو جب بازیاب کیا گیا تو اس وقت وہ ٹھیک سے بات بھی نہیں کر پا رہی تھی تاہم ان کے جسم پر کسی قسم کے زخم کے نشان نہیں تھے۔ یہ واضح تھا کہ یہ خاتون کئی دن سے بھوکی اور پیاسی تھیں۔

لیکن یہ کیسے علم ہوا کہ اس خاتون کو اس کے شوہر نے باندھا؟

جب پولیس نے اس خاتون کو ہسپتال منتقل کیا تو ابتدائی علاج کے بعد ان سے پوچھ گچھ کی کوشش کی گئی لیکن وہ ٹھیک سے بات نہیں کر پا رہی تھیں۔

ایسے میں خاتون نے کاغذ اور قلم منگوایا اور پھر انگریزی میں لکھ کر بتایا کہ ان کے ساتھ کیا واقعہ پیش آیا۔

اس تحریر میں ہی خاتون نے پولیس کو بتایا کہ ان کو اس حال میں ان کے اپنے شوہر نے پہنچایا۔ لیکن کوئی شوہر اپنی بیوی کے ساتھ ایسا کیوں کرے گا؟ اس سوال کا جواب پولیس نے اب تک واضح نہیں کیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کی جسمانی صحت کی وجہ سے اس وقت مکمل طور پر یہ واضح نہیں کہ ان کے ساتھ کیا ہوا لیکن انھوں نے خود ہی ایک کاغذ پر انگریزی زبان میں چند معلومات لکھ کر فراہم کی تھیں۔

انڈیا
BBC

خاتون نے پولیس کو اس تحریر کے ذریعے بتایا کہ ان کو کسی قسم کا انجیکشن لگایا گیا جس کے بعد ان کا جبڑا حرکت نہیں کر پا رہا تھا اور ان کے لیے پانی تک پینا ناممکن ہو گیا۔

خاتون نے یہ دعوی بھی کیا کہ وہ 40 دن سے جنگل میں بھوکی اور پیاسی بندھی رہی تھیں۔ لیکن اتنے عرصے تک بنا کھائے پیے زندہ رہنا کیسے ممکن ہے؟ اس سوال نے یہ معاملہ اور بھی پراسرار بنا دیا ہے۔

خاتون نے یہ بھی لکھا کہ ’میرے شوہر نے مجھے درخت سے باندھ دیا۔ میں پھر بھی زندہ بچ گئی لیکن وہ بھاگ گیا ہے۔‘

سپرٹنڈنٹ پولیس سوربھ اگروال نے بتایا ہے کہ ابتدائی معائنے سے ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے اس خاتون کی ذہنی حالت ٹھیک نہیں ہے لیکن فی الحال وثوق سے کچھ نہیں کہا جا سکتا۔

پولیس کے مطابق تفتیشی ٹیم اس معاملے پر کام کر رہی ہے اور مصدقہ اطلاعات ملنے پر ہی مذید معلومات فراہم کی جائیں گی۔

تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کے پاس سے ملنے والی دستاویزات سے علم ہوتا ہے کہ وہ دلی، ممبئی اور گوا میں ڈاکٹروں کے پاس زیرعلاج رہ چکی ہے۔

پولیس کے مطابق خاتون کا یہ بھی دعوی ہے کہ اس کا شوہر تمل ناڈو کا رہائشی ہے۔ پولیس نے اس دعوے کی تصدیق کے لیے ٹیم روانہ کر دی ہے۔


News Source

مزید خبریں

BBC

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US