پشاور میں واردات کی نیت سے موجود ملزم ساتھی کی فائرنگ سے ہلاک

image

پشاور میں سنگین واردات کی نیت سے موجود انتہائی مطلوب ملزم اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ تھانہ انقلاب کی حدود میں پیش آیا جہاں ملزمان مٹہ بچے روڈ، نزد سوڑیزی خوڑ میں واردات کی تیاری کر رہے تھے کہ اچانک فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔

فائرنگ کے نتیجے میں ایک ملزم شدید زخمی ہوگیا جسے اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا تاہم وہ راستے میں دم توڑ گیا۔ بعدازاں ہلاک ملزم کی شناخت ذاہد عرف چرہ ولد خان ولی ساکن مروزئی کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ دوسرا ملزم رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگیا۔

پولیس نے ہلاک ملزم کے قبضے سے 30 بور پستول اور موٹر سائیکل بھی برآمد کرلی۔ پولیس کے مطابق ریکارڈ کی جانچ پڑتال پر انکشاف ہوا کہ ہلاک ملزم مختلف تھانوں میں درج متعدد سنگین مقدمات میں مطلوب تھا، جن میں تھانہ انقلاب، تھانہ رحمان بابا اور تھانہ بڈھ بیر شامل ہیں۔

پولیس کے مطابق فرار ملزم کی گرفتاری کے لیے کوششیں کی جارہی ہیں، جبکہ واقعے سے متعلق مزید تفتیش بھی عمل میں لائی جا رہی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US