خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں پولیس لائن پر دہشت گردوں نے حملہ کر دیا ہے اور اب تک اطلاعات کے مطابق تین پولیس اہلکار زخمی ہو گئے ہیں۔
پولیس ترجمان کے مطابق مسلح افراد نے بنوں پولیس لائن میں داخل ہونے کی کوشش کی اور اس وقت فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔
پولیس لائن کے اطراف سڑکیں بند کر دی گئی ہیں جبکہ سکیورٹی فورسز کے اہلکار بھی موقع پر پہنچ گئے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیراعظم شہبازشریف کی دعوت پر چین کے وزیراعظم لی چیانگ چار روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں۔
چینی وزیراعظم کے طیارے نے پیر کو ساڑھے 12 بجے نور خان ائیربئیس پر لینڈنگ کی۔ پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف اپنی کابینہ کے ارکان کے ساتھ چینی ہم منصب کا استقبال کیا۔
پاکستان کے سرکاری میڈیا کے مطابق چینی وزیراعظم پاکستان کی سول اور فوجی قیادت کے ساتھ اقتصادی و تجارتی تعلقات پر تبادلہ خیال کریں گے اور شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے ایک روز قبل اتوار کو بتایا تھا کہ چین کے وزیراعظم لی چیانگ 14 سے 17 اکتوبر تک پاکستان کا دورہ کریں گے اور ’سی پیک کی اعلیٰ معیار کی ترقی کو آگے بڑھائیں گے۔‘
دفتر خارجہ کے مطابق چینی وزیراعظم کے وفد میں وزارت خارجہ اور تجارت، نیشنل ڈویلپمنٹ اینڈ ریفارم کمیشن اور چائنا انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ کوآپریشن ایجنسی کے وزراء اور حکام شامل ہوں گے۔
بیان میں کہا گیا تھا کہ ’دورے کے موقع پر سی پیک کے تحت تعاون اور پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی اور تجارتی سمیت تمام شعبوں میں تعلقات پر جامع بات چیت ہو گی۔‘
دفتر خارجہ کے مطابق چینی وزیراعظم صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات بھی کریں گے۔ وہ پارلیمانی رہنماؤں اور پاکستان کی عسکری قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
شنگھائی تعاون تنظیم کا سربراہی اجلاس، روٹ لگائے جا رہے ہیں: ٹریفک پولیس
اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس کے جاری کردہ پلان کے مطابق مکمل روٹ لگائے جا رہے ہیں۔
پیر کو ایکس پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’شہریوں سے گزارش ہے کسی بھی سفری دشواری سے بچنے کے لیے ایکسپریس ہائی وے کی طرف غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں اور اسلام آباد ٹریفک پولیس کے جاری کردہ ٹریفک پلان کے مطابق متبادل راستوں کا انتخاب کریں۔‘
چیف ٹریفک آفیسر اسلام آباد کا کہنا ہے کہ ’کامیاب ایس سی او کے انعقاد میں ہمارے معاون بنیں۔‘
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
چینی وزیراعظم گوادر ایئرپورٹ کا افتتاح کر سکتے ہیں: وزیر اطلاعاتپاکستان کے وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے اتوار کو صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین کے وزیراعظم لی کیانگ آنے والے ہفتے میں اپنے دورہ پاکستان کے دوران صوبہ بلوچستان میں چینی سرمایہ کاری سے بننے والے ایئرپورٹ کا افتتاح کر سکتے ہیں۔برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق حکومت اور ایوی ایشن کے ذرائع نے بتایا کہ 20 کروڑ ڈالر کے گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے افتتاح کو اگست میں علیحدگی پسند عسکریت پسندوں کے اس علاقے میں مہلک حملوں کے بعد سیکورٹی کا جائزہ لینے کے لیے روک دیا گیا تھا۔پاکستان کی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق نئے ایئرپورٹ سے اندرون ملک اور بین الاقوامی پروازوں چلیں گی اور یہ ملک کے بڑے ایئرپورٹس میں سے ایک ہو گا۔پاکستانی حکام کا کہنا تھا کہ ابتدائی منصوبے میں وزیراعظم شہباز شریف نے چینی حکام کے ساتھ مل کر 14 اگست کو ایئرپورٹ کا افتتاح کرنا تھا، لیکن ایک بلوچ گروہ کے احتجاج کے بعد اسے منسوخ کر دیا گیا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔