چین کے وزیراعظم لی چیانگ ایس سی او اجلاس میں شرکت کے لیے پاکستان میں

image

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر چین کے وزیراعظم لی چیانگ چار روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں۔

چینی وزیراعظم کے طیارے نے پیر کو ساڑھے 12 بجے نور خان ائیربیس پر لینڈنگ کی جہاں پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے اپنی کابینہ کے ارکان کے ساتھ چینی ہم منصب کا استقبال کیا۔

چین کے وزیراعظم کے پاکستان پہنچنے پر انہیں توپوں کی سلامی دی گئی۔  چین کے وزیراعظم بعد میں وزیراعظم ہائوس میں وزیراعظم شہبازشریف سے ملاقات کریں گے جہاں انہیں باضابطہ استقبالیہ تقریب میں گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا۔

پاکستان کے سرکاری میڈیا کے مطابق چینی وزیراعظم پاکستان کی سول اور فوجی قیادت کے ساتھ اقتصادی و تجارتی تعلقات پر تبادلہ خیال کریں گے اور شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے ایک روز قبل اتوار کو بتایا تھا کہ چین کے وزیراعظم لی چیانگ 14 سے 17 اکتوبر تک پاکستان کا دورہ کریں گے اور ’سی پیک کی اعلیٰ معیار کی ترقی کو آگے بڑھائیں گے۔‘

دفتر خارجہ کے مطابق چینی وزیراعظم کے وفد میں وزارت خارجہ اور تجارت، نیشنل ڈویلپمنٹ اینڈ ریفارم کمیشن اور چائنا انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ کوآپریشن ایجنسی کے وزراء اور حکام شامل ہوں گے۔

بیان میں کہا گیا تھا کہ ’دورے کے موقع پر سی پیک کے تحت تعاون اور پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی اور تجارتی سمیت تمام شعبوں میں تعلقات پر جامع بات چیت ہو گی۔‘

دفتر خارجہ کے مطابق چینی وزیراعظم صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات بھی کریں گے۔ وہ پارلیمانی رہنماؤں اور پاکستان کی عسکری قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts Follow