لائیو: حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور آج 

image
اہم نکات: 

حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور آج

فوج کا 9 مئی کے 19 مجرمان کی سزاؤں میں معافی کا اعلان

دھند کے باعث لاھور، فیصل آباد، ملتان اور سیالکوٹ کے لیے پی آئی اے کی پروازیں متاثر

منصب سنبھالنے کے بعد روایتی کی بجائے معاشی سفارت کاری پر زور دیا، اسحاق ڈار

پاکستان کی فوج نے 9 مئی  کے 19 مجرمان کی سزاؤں میں معافی کا اعلان کیا ہے۔

جمعرات کو ایک بیان میں پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ مجموعی طور پر 67 مجرمان نے رحم کی پٹیشنز دائر کیں۔  

’سانحہ 9 مئی کی سزاؤں پر عمل درآمد کے دوران، مجرمان نے قانونی حق استعمال کرتے ہوئے  رحم اور معافی کی پٹیشنز دائر کیں۔‘

بیان میں کہا گیا ہے کہ 48 پٹیشنز کو قانونی کارروائی کے لیے ’کورٹس آف اپیل‘ میں نظرثانی کے لیے ارسال کیا گیا۔

19مجرمان کی پٹیشنز کو خالصتاً انسانی بنیادوں پر قانون کے مطابق منظور کیا گیا۔

حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور آج 

صالح سفیر عباسی، اردو نیوز اسلام آباد

 

حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور آج شروع ہو گا۔

مذاکراتی کمیٹیوں کے اجلاس کی صدارت سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کریں گے۔

آج کے اجلاس میں تحریک انصاف اپنا چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کرے گی، جبکہ حکومت چارٹر آف ڈیمانڈ کی روشنی میں اپنا لائحہ عمل دے گی۔

تحریک انصاف بانی چیئرمین کی رہائی سمیت دیگر قیدیوں کی رہائی کا معاملہ اٹھائے گی۔

9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات کی تحقیقات کے لیے عدالتی کمیشن کا مطالبہ کیا جائے گا۔

دھند کے باعث پی آئی اے کا فضائی آپریشن متاثر

زین علی، اردو نیوز کراچی

ترجمان پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) نے کہا ہے کہ ملک میں دھند کے باعث فضائی آپریشن متاثر ہوا ہے۔   

 دھند کی وجہ سے لاھور، فیصل آباد، ملتان، اور سیالکوٹ کے لیے پی آئی اے کی پروازیں متاثر ہو رہی ہیں۔

پی آئی اے نے مسافروں سے درخواست کی ہے کہ ’پرواز کے لیے بکنگ کے وقت ایئر لائن کی جانب سے رابطے کے لیے درست اور فعال نمبر کا اندراج لازمی کروائیں۔‘

حکام کے مطابق پروازوں کی تاخیر کے نتیجے میں مسافروں کی طرف سے  عملے کے ساتھ عدم  تعاون  پرواز کی روانگی میں مزید تاخیر کا سبب بن سکتا ہے۔

’منصب سنبھالنے کے بعد روایتی کی بجائے معاشی سفارت کاری پر زور دیا‘

 

پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان کی سفارتی تنہائی کا بے بنیاد پروپیگنڈا کیا گیا تاہم عالمی فورمز پر متحرک کردار ادا کر رہے ہیں۔

جمعرات کو وزارت خارجہ میں میڈیا سے گفتگو میں اسحاق ڈار نے کہا کہ منصب سنبھالنے کے بعد روایتی کی بجائے معاشی سفارت کاری پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے وفد کا دورہ پاکستان مفید رہا اور چین سمیت مختلف ممالک کے اعلٰی حکام اور وفود نے کامیاب دورے کیے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان سفارتی تعلقات مضبوط ہونے جا رہے ہیں۔

اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ ملائیشیا کے بعد اب ڈھاکہ دورہ بھی کریں گے۔

حکومت نے وسیع تر قومی مفاد میں پی ٹی آئی سے بات چیت کا عمل شروع کیا، خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ حکومت نے وسیع تر قومی مفاد میں پی ٹی آئی کے ساتھ بات چیت کا عمل شروع کیا۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق ایک نجی ٹیلی ویژن چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں پر زور دیا ہے کہ وہ قومی مفاد کے لیے کام کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف 9 مئی کے فسادات میں ملوث پائی گئی ہے، اور مستقبل میں اس طرز عمل کو روکنا چاہیے۔

پاکستان کے اندرونی معاملات میں غیرملکی مداخلت کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کو دفاعی ضروریات پوری کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کا پورا حق ہے۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts