صدر مملکت آصف زرداری کا ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ ، ایئر چیف سے ملاقات

image

صدر مملکت آصف علی زرداری نے ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی ہے۔ صدر مملکت کی آمد پر پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا جبکہ یہ دورہ پاک فضائیہ کے افسران اور جوانوں کی حالیہ کامیابیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے کیا گیا۔ دورے کے دوران صدر مملکت کو پاک فضائیہ کی آپریشنل حکمت عملی اور جاری منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ حالیہ کشیدگی میں پاک فضائیہ کی کامیابی اعلیٰ تربیت اور جدید جنگی صلاحیتوں کا نتیجہ ہے جبکہ پاک فضائیہ نے اپنی تاریخ میں پہلی بار فل اسپیکٹرم آپریشنز انجام دیے اور جدید اور انقلابی ٹیکنالوجیز کے استعمال نے فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

صدر مملکت نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت، غیر متزلزل عزم اور جذبے کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے ملکی خودمختاری اور سرحدوں کے دفاع میں پاک فضائیہ کے فیصلہ کن کردار کی تعریف کی۔ صدر نے کہا کہ ایئر چیف کی مدبرانہ قیادت نے پاک فضائیہ کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کیا جس سے اس کی آپریشنل تیاری میں نمایاں اضافہ ہوا۔

انہوں نے مزید کہا کہ مسلح افواج کی جری اور دور اندیش قیادت نے بھارتی جارحیت کا بروقت اور سخت جواب دیا اور پاک فضائیہ تکنیکی و تزویراتی میدان میں سب سے آگے رہی۔ صدر مملکت نے پاک فضائیہ کی جنگی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

انہوں نے نیشنل آئی ایس آر اینڈ انٹیگریٹڈ ایئر آپریشنز سنٹر کا بھی دورہ کیا جہاں انہیں پاک فضائیہ کی مجموعی آپریشنل صلاحیتوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US